بجلی کی قیمت میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافہ منظوری دے دی گئی
نیشنل الیکٹرک اینڈ پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7 روپے 90 پیسے اضافے کی منظوری دیدی۔
نجی ٹی وی کےمطابق: نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مئی کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 90 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دی گئی ہے.
اعلامیے مں کہا گیا ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے 7 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی تھی، اتھارٹی نے 27 جون 2022 کو فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) پر عوامی سماعت کی تھی۔
نیپرا اعلامیے کے مطابق اپریل کا ایف سی اے صارفین سے 3 روپے 99 پیسے چارج کیا گیا تھا جبکہ مئی کا فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ اپریل کی نسبت 3 روپے 91 پیسے ہے جو جولائی میں زیادہ چارج ہو گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ ایف سی اے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین کے علاوہ ڈسکوزکے تمام صارفین پر ہو گا۔
مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی و شعبہ خواتین پنجاب کی صدر خدیجہ عمر فاروقی نے حکومت کی طرف سے بجلی 3مرحلوں میں مہنگی کرنے اور 7.90روپے فی یونٹ اضافہ کی منظوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی 7.90 روپے فی یونٹ مہنگی کرکے عوام پر اربوں روپے کا بوجھ ڈالنا حکومتی نااہلی ہے۔ایک طرف بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب میں مفت بجلی کا اعلان دوغلی پالیسی ہے۔
یہ اعلان پنجاب بھر میں 20ضمنی حلقوں میں ہونے والے انتخابات پر اثرانداز ہونے اور اپنی وزارت اعلیٰ بچانے کی بھونڈی کوشش ہے۔پنجاب میں 100یونٹ بجلی مفت دینا ضمنی الیکشن میں دھاندلی کی کوشش ہے۔سپریم کورٹ کورٹ اپنے فیصلہ میں قرار دے چکی ہے کہ پنجاب حکومت ایسے کوئی اقدامات نہیں کرے گی جو الیکشن میں اثرانداز ہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ شعبہ خواتین کی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خدیجہ عمر فاروقی نے کہا کہ ایک طرف قومی خزانہ خالی ہونے کا واویلا کیا جارہا ہے اور عوام پر بجلی، پٹرولیم مصنوعا ت مہنگی کرنے کے ساتھ ساتھ اربوں روپے کے سپر ٹیکسز ڈالے جارہے ہیں جس سے صوبہ بھر میں ہوشربا مہنگائی برپا ہے غریب اور سفید پوش افراد کا جینا دوبھر ہوگیا ہے جبکہ حکومتی اخراجات کم کرنے کی بجائے56رکنی کابینہ تشکیل دی جارہی ہے جس میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے وسیع و عریض کابینہ کا سارا بوجھ عوام کی خون پسینے اور ٹیکسوں کی رقم سے پورا کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ کے قائد چوہدری پرویز الہٰی کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب کروایا جائے گا اور مسلم لیگ شعبہ خواتین کے عہدیداران کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں لاہور میں چاروں حلقوں میں مسلم لیگ شعبہ خواتین کی کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں جو علاقہ میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے کام کررہی ہیں۔انشاء اللہ پنجاب بھر میں تحریک انصاف کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرینگے