مزید دیکھیں

مقبول

بلاول بھٹو زرداری کی بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے معاملے پر حکومت پر کڑی تنقید

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے معاملے پر پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے عمران خان کو بجلی کے بل بڑھانے کی ہدایت کی اور پی ٹی آئی حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کا آرڈیننس جاری کردیا، عمران خان نے آئی ایم ایف کی ہدایات پر پاکستانی معیشت کو چلاکر ملکی وقار کو ملیامیٹ کردیا ہے، میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کے ذریعے عمران خان کی آئی ایم ایف ڈیل میں نااہلی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، مہنگی بجلی کے صدارتی آرڈیننس اور نیپرا ایکٹ میں ترمیم کے بعد عمران خان عوام کی جیبوں سے 700 ارب روپے سے زائد نکالنے کا منصوبہ بناچکے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو اپنی جس کارکردگی پر فخر ہوچکا ہے، عوام ہاتھوں میں بجلی اور گیس کے مہنگے بل لئے اس کارکردگی کو ڈھونڈ رہے ہیں، آٹھ روپے فی یونٹ پر بجلی کا بل پھاڑدینے والے عمران خان 21 روپے فی یونٹ تک بجلی مہنگی کرکے اپنی کارکردگی کے گن گارہے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطابق عمران خان کو گرمی اور روزے کی حالت میں مہنگے بل کی وجہ سے ائیرکنڈیشنر چلانے سے گریزاں ایک متوسط طبقے کے گھرانے کے حالات کا کوئی اندازہ نہیں، انہوں نے سوال اٹھایا کہ مدینے کی ریاست میں متوسط طبقے کے ایک عام آدمی کی جمع پونجی کیا صرف بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی کے لئے صرف ہوگی؟ چیئرمین پی پی پی نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی نے مہنگائی کے خلاف ڈی چوک پر دھرنے دلوا کر عوام کو بجلی کے مہنگے بل بھرنے کیلئے بینکوں کی قطار میں کھڑا کروادیا، اس موقع پر انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب، بجلی اور گیس کے بل مہنگا کرنے کی ذمہ دار پچھلی حکومتیں نہیں بلکہ آپ خود ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم آپ گیس اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافہ کرکے غریب آدمی پر معاشی بم گرانے کے بجائے اپنی جہازی سائز کابینہ کے شاہانہ خرچے کم کریں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجلی اور گیس کے مہنگے بلوں کی صورت میں پاکستان کے عوام تبدیلی کی خوف ناک قیمت ادا کررہے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر پی ٹی آئی کی ظالم حکومت کی جانب سے 300 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے عام صارفین کیلئے بھی بجلی مہنگی کرنا غریب دشمنی کی انتہا قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عمران خان کم از کم بجلی کے 300 سے کم یونٹ استعمال کرنے والے عام آدمی کیلئے فی الفور نرخوں میں کمی کا اعلان کریں، انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے نے ملک میں مہنگائی کا سونامی لاکر تباہی مچادی ہے، آج بجلی اور گیس مہنگی ہونے کی وجہ سے بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں کمی سے برآمدات کا شعبہ بھی متاثر ہورہا ہے، انہوں نے یہ بھی کہا کہ گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ کھاد کو مہنگا کردے گا جس سے زراعت سے وابستہ ملک کی 43 فیصد افرادی قوت اور جی ڈی پی کا 20 فیصد حصہ متاثر ہوگا-