صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جمہوریت کا قافلہ تحریک انصاف کی حکومت کو بہا کر لے جائے گا اور سانحہ کار ساز کے شہیدوں کا لہو رنگ لائے گا اور ایکبار پھر پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت آئے گی اور غریبوں کے مسائل حل ہوں گے۔
یہ بات انہوں نے جلسے میں آنے والے شرکا کا خیر مقدم کرتے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے سکھر اور گھوٹکی کے کارکنوں کے لئے قائم استقبالی کیمپ نزد جناح باغ کا دورہ کیا اور صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو کی جانب سے کارکنوں کو ظہرانہ بھی دیا گیا۔

اس موقع پر بھرپور خیر مقدم کرنے اور خیال رکھنے پر کارکنوں نے صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو سے اظہار تشکر کیا۔

صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ تمام ورکرز جوش و خروش سے جلسے میں شریک ہورہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت اندرونی و بیرونی دونوں محاذ پر ناکام ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن بے قابو ہو کر غریبوں کو کھا رہا ہے۔عمران خان نے حکومت میں آنے سے قبل کہا تھا کہ جب ڈالر اور پٹرول مہنگا ہو تو سمجھ جانا وزیر اعظم چور ہے۔
آج پٹرول اور ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔ اب عمران خان بٹائیں کون چور ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ آج ہم سانحہ کار ساز کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے جمع ہوئے ہیں۔ ان شہیدوں کی وجہ سے ملک میں جمہوریت کا فروغ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کارکن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہیں۔ جمہوریت کا یہ قافلہ تحریک انصاف کی جعلی حکومت کو بہا لے جائے گا۔ انہوں نے کہا آج کا جلسہ تاریخ ساز جلسہ ہے اور یہ جلسہ سلیکڈڈ حکمرانوں کی راتوں کی نیندیں حرام کر دے گا

Shares: