فردوس عاشق اعوان کی بلاول مریم متوقع ملاقات پر سخت تنقید، کہا مقصد محض انتشار پیدا کرنا ہے

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بلاول مریم ملاقات کا مقصد سیاسی انتشار پیدا کرنا اورعمران خان کو کمزور کرنا بتایا ہے تاکہ نیب کے شکنجے کو ڈھیلا کر کے عدالتوں سے اپنی مرضی کے فیصلے کروائے جاسکیں.

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا جہاں‌ بلائے گا ہم جائیں گے اور سوالوں‌ کا جواب دیں گے. ہم بھاگنے والے نہیں ہیں. بلاول اور مریم نواز کی ملاقات ایک نسل کی واردات کا دوسری نسل کی جانب سے تحفظ کرناہے ۔ ان کا بس ایک ہی خیال ہے کہ کسی طرح سیاسی انتشار پیدا کرکے عمران خان کوکمزور کریں تاکہ نیب کے شکنجے کوڈھیلا کرکے مرضی کے فیصلے عدالتوں سے ملنا شروع ہوجائیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ آدھے لٹیرےجیلوں میں بیمار ہیں، باقی آدھے ملک سے فرار ہیں. حکومت ملک میں اداروں کو با اختیار بنانا چاہتی ہے اور چاہتی ہے کہ پاکستان میں سب کیلئے یکساں قانون اور یکساں رویئے ہوں۔ اپوزیشن اپنے سیاہ کرتوتوں کی وجہ سے جیل جا رہی ہے، ان کے لیڈر نیب اور جیل جاتے ہیں، تو بیمار ہوجاتے ہیں. جیل سے نکلتے ہی بھلے چنگے اور صحت مند ہوجاتے ہیں، لندن پہنچتےہی ان کی صحت قابل رشک ہو جاتی ہے.

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے کام بولتے ہیں اور اپوزیشن کی زبان بولتی ہے.

Comments are closed.