اسلام آباد:‘بلاول بگڑے ہوئے لڑکے کی طرح برتاؤ کرنا چھوڑو’اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ بلاول بگڑے ہوئے لڑکے کی طرح برتاؤ کرنا چھوڑو۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں علی زیدی نے کہا کہ الیکشن میں سندھ کے عوام کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہو لیکن پہلے ریاست کیخلاف سازش کے الزام کا سامناکرنا پڑے گا۔

علی زیدی نے لکھا کہ تمھیں، تمھارے والد اور بےایمان پی ڈی ایم پارٹنرز کو بھی ریاست کیخلاف سازش کے الزام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ ہمارے پاس اکثریت ہے کہ وزیراعظم کو شکست دیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہ حکومت نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ روک کر آئین کی خلاف ورزی کی ہے، اداروں سے مطالبہ ہے کہ پاکستان کے آئین کی حفاظت کریں، ادارے اسے برقرار رکھیں، دفاع کریں اور عمل درآمد کریں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اپنے وکلاء کے ساتھ ابھی سپریم کورٹ جائیں گے لیکن غیر آئینی کام نہیں کرنے دیں گے۔
علی محمد خان نے کہا ہے کہ آج جو فیصلہ ہوا اسی میں پاکستان کی سلامتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی بقا اور آزادی کے لیے وزیراعظم نے وہ کام کیا جو کسی وزیراعظم نے جرات نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک آنی چاہیے آسکتی ہے لیکن وہ پاکستان کی اپنی ہو، باہر سے نہ بنائی گئی ہو۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکورٹی کمیٹی کے اعلامیہ میں یہ بات آتی ہے کہ اندرونی معاملات میں دخل اندازی پر تشویش ہے۔

علی محمد خان نے کہا کہ آج سازشی عناصر کی تحریک ریجیکٹ ہوئی، آج جو فیصلہ ہوا اسی میں پاکستان کی سلامتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ آئیں الیکشن میں جائیں ،گھوڑا بھی حاضر ہے اور میدان بھی حاضر ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت نے قومی اسمبلی تحلیل کردی ہے اور کابینہ ٹوٹ گئی ہے تاہم آئین کے تحت وزیر اعظم عمران خان 15 روز کے لیے اپنے عہدے پر رہ سکتے ہیں۔

اس سے قبل آج ہی وزیرِ اعظم عمران خان نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز بھیجی تھی۔

یاد رہے کہ اسپیکر قاسم سوری قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دے دیا۔

Shares: