پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری آج اپنے والد سے ملاقات کریں گے
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بلاول زرداری اپنے والد آصف زرداری سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کریں گے، بلاول زرداری اپنے والد سے حکومت کے خلاف تحریک و دیگر امور پر مشاورت کریں گے، بلاول زرداری نے پیپلز پارٹی کا اجلاس 18 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے .
بلاول زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی کا اجلاس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہو گا، اجلاس میں حکومت مخالف تحریک کے حوالہ سے مشاورت ہو گی، بلاول ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس 18 ستمبر کو ہو گا جس میں حکومت کے خاتمے کی ڈیڈلائن پر بھی مشاورت کی جائے گی.
واضح رہے کہ بلاول زرداری نے گزشتہ روز گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے ہمیشہ اسلام آباد میں دھرنے سے انکار کیا لیکن اگر حکومت کے اتحادی اور سیلیکٹرز حکومت کو گھر نہیں بھیجیں گے تو ہم اسلام آباد آکر گھر بھیجیں گے۔ حکومت کو سال کے آخر تک کی ڈیڈ لائن دیتے ہیں
بلاول کی سال کے آخر تک حکومت کو ڈیڈ لائن، کہا اسلام آباد آ کر گھر بھیجیں گے
بلاول زرداری کا مزید کہنا تھا کہ کٹھ پتلی اتحاد کچرے کا بہانہ بنا کر کراچی پر قبضہ کرنے کا خواہشمند ہے۔ سندھ حکومت مضبوط ہے، قیادت کو جیلوں میں ڈال کر بھی گرایا نہیں جا سکتا۔ کچھ لوگوں سے اٹھارویں ترمیم برداشت نہیں ہو رہی ہے اور پہلے بھی لوگوں سے 1973 کا آئین برداشت نہیں ہوتا تھا۔ پیپلز پارٹی نے بےنظیر انکم سپورٹ جیسے انقلابی اقدامات کیے اور صوبائی خود مختاری دی جبکہ آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا.








