بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے آل پاکستان انجمن تاجران کی ریلی

0
64

اسلام آباد/لاہور۔ 15 اگست (اے پی پی) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشر ف بھٹی کی قیادت میں تاجروں نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے مال روڈ پر نکالی گئی جس میں تاجروں نے بھرپور شرکت کی۔ انار کلی سمیت دیگر بازاروں اور کاروباری مراکز میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کے بینرز آویزاں کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ اشرف بھٹی کی قیادت میں تاجر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھار ت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر اشرف بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم نے اپنے یوم آزادی کے دن کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا کر کشمیریوں سے اپنے خون کا رشتہ ثابت کر دیا ہے، پاکستانی قوم اور تاجر برادری کشمیریوں کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کیلئے بازاوں اور تجارتی مراکز میں بینرز آویزاں کئے جا رہے ہیں اور اس کیلئے باضابطہ مہم بھی چلائی جائے گی۔ پوری قوم کو چاہئے کہ وہ کسی بھی طریقے سے پاکستان پہنچنے والی بھارتی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرکے کشمیریوں سے اپنے مضبوط رشتے کو ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بربریت کے خلاف دوطرفہ تجارت بند کرنے سے آگے بڑھ کر بھی اگرکوئی اقدام اٹھانا پڑے تو پاکستانی قوم اور تاجر اس کیلئے تیار ہیں اور ہم اپنے کشمیریوں بھائیوں کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے غلط فیصلہ سے کشمیر کی آزادی کی تحریک کو ایک نیا جذبہ اور ولولہ ملا ہے اور اب کشمیر کی آزادی زیادہ دور نہیں اور بھارت کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Leave a reply