بمبئی عدالت نے تبلیغی جماعت کے خلاف پروپیگنڈہ مسترد کر کے بری کر دیا

باغی ٹی وی : بمبئی ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مودی سرکار نے اپنی نااہلی چھپانے کے لئے بھارت میں تبلیغی جماعت کو قربانی کا بکرا بنایا۔
بمبئی ہائی کورٹ نے 34 افراد کے خلاف کرمنل مقدمات کالعدم قرار دے دیئے، جن میں 28 تبلیغی جماعت کے غیر ملکی رکن ہیں، عدالت نے فیصلے میں کہا کہ سیاسی حکومت کسی بھی وبا کے دوران دوسروں کوقربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔

یاد رہے کہ مودی سرکار نے نئی دہلی میں تبلیغی جماعت کے مرکز نظام الدین میں ہونے والے اجتماع کو ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ قرار دے کر غیر ملکی افراد پر کرمنل مقدمات قائم کئے تھے۔ واضح رہے کہ یہ سبھی لوگ دہلی میں‌ واقع مرکز حضرت نظام الدین کے تبلیغی جماعت کے پروگرام میں شامل ہوئے تھے اور اسی الزام میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ کے جسٹس ٹی وی نلواڑے اور جسٹس ایم جی سیولکر کی بینچ نے تین الگ الگ پٹیشن کی سماعت کی، جسے آئیوری کوسٹ، گھانا، تنزانیہ، بینن اور انڈونیشیا جیسے ممالک کے افراد نے دائر کی تھی۔ ان سبھی عرضیوں کو پولیس نے مبینہ طور پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر الگ الگ مساجد میں رہنے اور لاک ڈاون کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نماز ادا کرنے کے الزامات میں معاملہ درج کیا تھا۔

Shares: