بالی ووڈ کو کمپنی، رنگیلا، سرکار جیسی سپرہٹ فلمیں دینے والے ہدایت کار رام گوپال ورما نے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت پر فلم بنانے میں دلچسپی ظاہر کردی۔
باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے حالیہ انٹریو میں رام گوپال ورما نے کہا کہ وہ شاید سوشانت سنگھ کی زندگی اور ان کی موت کے بعد ہونے والی تمام تر پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے ایک فلم بنانے کا سوچ رہے ہیں۔
ہدایت کار سے سوال پوچھا گیا کہ سوشانت سنگھ کے کیس میں سیاسی مداخلت اور غیرقانونی منشیات کے استعمال کی کہانی پر بھی فلم بنائی جاسکتی ہے جس پر رام گوپال ورما نے جواب دیا ’ہاں یہ ہوبھی سکتا ہے اور نہیں بھی، اس کیس میں بہت سی چیزوں پر فلم بنائی جاسکتی ہے، میرے خیال سے میں ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرلوں گا۔
واضح رہے بالی ووڈ کے ابھرتے ہوئے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ راجپوت گزشتہ سال 14 جون کو اپنے ممبئی کے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد اداکار کے خاندان نے ان کی گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکرورتی پر مالی معاملات کا الزم لگاتے ہوئے کیس دائر کیا تھا جس میں بعد ازاں منشیات کے استعمال کا پہلو بھی سامنے آیا تھا جس نے پوری بالی ووڈ انڈسٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے-