تبصرہ کتب، بلوغ المرام،جدید ایڈیشن

0
100
books

نام کتاب : بلوغ المرام/ جدید ایڈیشن( دوجلد )
تالیف : شہاب الدین احمد ابن حجر العسقلانی
صفحات : 1138
ناشر  : دارالسلام انٹرنیشنل ، لوئرمال ، نزد سیکرٹریٹ سٹاپ ، لاہور
برائے رابطہ : 042-37324034
زیر نظر کتاب” بلوغ المرام من ادلة الاحکام “ ابو الفضل حافظ شہاب الدین احمد ابن حجر العسقلانی کی بے مثال کتاب ہے ۔فقہائے محدثین کے سلسلے میں ایک بہت بڑا اور معتبر نام نویں صدی ہجری کے امیر المومنین فی الحدیث شہاب الدین ابو الفضل احمد بن علی بن محمد المعروف ابن حجر العسقلانی کا ہے جنہیں معاصرین نے حافظ مشرق والمغرب کا لقب بھی دیا ہے۔ وہ بہت بڑے مفسر ، محدث ، فقیہ ، مورخ اور ماہر لغت تھے ۔ شرعی احکام کے حدیثی دلائل پر مبنی فقہ میں ان کی مایہ ناز کتاب بلوغ المرام ہے جو صدیوں سے دنیا بھر کے اسلامی حلقوں میں معروف چلی آرہی ہے ۔ یہ کتاب ضخامت میں مختصر ہے لیکن جامعیت اور افادیت کے اعتبار سے بے نظیر ہے ۔ مسائل و احکام کا یہ نہایت اہم اور گراں قدر مجموعہ علماءاور طلباءکے لیے یکساں مفید ہے ۔ اس نامور کتاب کا اردو میں نہایت خوبصورت ترجمہ قارئین کے ہاتھوں میں ہے ۔ اگرچہ اب تک اس کتاب کے سینکڑوں تراجم شائع ہوچکے ہیں لیکن یہ ترجمہ پیش رو تمام تراجم سے یکسر مختلف اور منفرد ہے ۔

اس کی پہلی انفرادیت یہ ہے کہ یہ ترجمہ معروف سیرت نگار مولانا صفی الرحمن مبارک پوری رحمہ اللہ نے کیا ہے ۔ اس کتاب کی دیگر خصوصیات یہ ہیں کہ کم و بیش ہر حدیث کے نیچے پہلے لغوی تشریح پھر حاصل کلام کے عنوان سے شرح بھی لکھ دی گئی ہے تاکہ ہر حدیث کی وضاحت ہو جائے اور جو احکام اس حدیث سے مستنبط ہوتے ہیں ان کی تشریح اور تفہیم آسان ہو جائے۔ راویوں کے مختصر حالات زندگی بھی درج کیے گئے ہیں۔حافظ ابن حجر العسقلانی نے اس کتاب میں فقہائے محدثین کے اسلوب کا تدبر انتہائی مہارت اور خوبصورتی سے کیا ہے انہوں نے ہر مسئلے کو احادیث نبویہ کے ذریعے سے واضح کیا ہے جبکہ علماءاس کتاب کے بارے میں کہتے ہیں کہ ایک عام مسلمان احکام شریعت پر عمل کرنے کے لیے کوئی ایسی کتاب منتخب کرے جو مختصر ہو ، آسان ہو ، فقہی ابوا ب کے کے مطابق مرتب ہو ، تمام مسائل کے بارے میں مکمل رہنمائی کرتی ہو اور اس پر کسی تردد یاذہنی تحفظ کے بغیر عمل کیا جا سکتا ہو تو اس کے لیے بلوغ المرام سب سے عمدہ انتخاب ہوگا

Leave a reply