اسلام آباد میں فائرنگ،علامہ مسعود الرحمان عثمانی جاں بحق

0
188
masood usmani

اسلام آباد کے علاقے غوری ٹائون میں گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے،سنی علما کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مسعود الرحمان عثمانی جاں بحق ہو گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے،فائرنگ نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی جو جائے وقوعہ سے فرار ہو گئے پولیس حکام کے مطابق مولانا زخمی ہوئے انکو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ انکی موت ہو گئی

اسلام آباد میں گولیاں چل گئیں، مذہبی رہنما کو دن دہاڑے قتل کر دیا گیا، فائرنگ کا واقعہ تھانہ کھنہ کی حدود میں غوری ٹاؤن میں پیش آیا، موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور فرار ہوگئے،واقعہ میں مولانا کا ڈرائیور زخمی ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا جا رہا ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا

مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سنی علماء کونسل پاکستان علامہ مسعود الرحمٰن عثمانی کی نماز جنازہ کل بروز ہفتہ دن دو بجے ادا کی جائے گی، مسعود الرحمان عثمانی کی نماز جنازہ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے ادا کی جاۓ گی

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سنی علما کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مسعود الرحمان عثمانی پر ہونے والے جان لیوا حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے جان لیوا حملے کے نتیجے میں ان کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں سکتے۔ دہشتگرد امن اور انسانیت کے دْشمن ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں علامہ مسعود الرحمان عثمانی اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے بلندی درجات اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی،قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی سنی علما کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مسعود الرحمان عثمانی پر جان لیوا حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔انہوں نے علامہ مسعو د الرحمان عثمانی کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے الگ الگ تعزیتی پیغامات میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا کرے.آمین

حکومت علماء کو فوری طورپر تحفظ فراہم کرے،مولانا زاہد محمود قاسمی
سنی علماء کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری مولانا مسعود الرحمن عثمانی پر قاتلانہ حملہ کی مذمت کرتے ہیں ملزمان کو فوری طور پر گرفتارکرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے نگران حکومت ملک میں قیام امن برقرار رکھنے میں ناکام ہو چکی ہے آئے روز ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات بڑھ رہے ہیں حکومت علماء کو فوری طورپر تحفظ فراہم کرے امن و امان کا قیام اور عوام کی جان و مال کا تحفظ کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شاہ نواز فاروقی نے مولانا مسعود الرحمن عثمانی ؒپر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک جید عالم دین کی قیمتی جان سے محروم ہو گئے مولانا مسعود الرحمن عثمانی کی تحفظ ناموس صحابہؓ و اہل بیت ؓ کیلئے خدمات قابل قدر ہیں دہشت گردوں نے ان پر وار کرکے ملک کو انتشار کی طرف دھکیلنے کی سازش کی ہے مقتدرعلماء پر قاتلانہ حملے گہری سازش کے تحت کئے جارہے ہیں ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ممتاز عالم دین کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتارکیا جائے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے مولانامسعود الرحمن عثمانی کا قتل کھلی دہشت گردی ہے علماء کرام کا قتل عام اللہ تعالیٰ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے

علامہ مسعود الرحمان عثمانی پر حملہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے،راجہ پرویز اشرف
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سنی علما کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ مسعود الرحمان عثمانی پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے،اسپیکر نے قاتلانہ حملے کے نتیجے میں علامہ مسعود الرحمان عثمانی کے جانی نقصان پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ علامہ مسعود الرحمان عثمانی پر حملہ گھناؤنا فعل اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، علامہ مسعود الرحمان عثمانی پر حملہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہے، غم اور دکھ کی اس گھڑی میں علامہ مسعود الرحمان عثمانی اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،

Leave a reply