بریسٹ کینسر کو شکست دینے کے بعد نادیہ جمیل کی اسکرین پر واپسی کی خواہش

0
35

بریسٹ کینسر جیسے موذی مرض کو شکست دینے والی پاکستان کی نامور اداکارہ و سماجی کارکن نادیہ جمیل نے اسکرین پر واپسی کی خواہش کا اظہار کردیا۔

باغی ٹی وی :نادیہ جمیل میں اپریل 2020 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ اس کے علاج کے لیے برطانیہ منتقل ہوگئی تھیں۔

نادیہ جمیل میں کینسر کی تشخیص کے بعد 7 اپریل کو ان کی سرجری کی گئی تھی، جس کے بعد آئندہ ماہ تک ان کی کیموتھراپی کی گئی۔

کیموتھراپی کے دوران بال جھڑنے کی وجہ سے انہوں نے اپنے سر کے بال منڈوالیے تھے اور انہوں نے بال منڈوائے جانے کی ویڈیوز و تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں جولائی میں انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ انہوں نے کینسر کو شکست دے دی۔

کینسر کو شکست دینے کے بعد انہیں ابتدائی طور پر ذیابیطس کی بھی شکایت ہوگئی تھی، تاہم بعد ازاں انہوں نے اس سے بھی نجات حاصل کرنے کی تصدیق کی تھی۔

نادیہ جمیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ کینسر کی وجہ سے ان کے جو بال جھڑ گئے تھے یا جنہیں انہوں نے منڈوالیا تھا اب وہ بڑے ہونے لگے ہیں۔

اداکارہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے اس خواہش کا اظہار کیا کہ انہیں اب اسکرین پر واپسی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کینسر جیسے موذی مرض کو شکست دینے پر خدا کا شکر بھی ادا کیا اور ساتھ ہی کہا کہ جیسے ہی ان کے بال بڑے ہو رہے ہیں، ان کے دل میں خواہش اٹھی ہے کہ انہیں اسکرین پر واپسی کرنی چاہیے۔

نادیہ جمیل نے کہا کہ ان کے سر کے بال مسلسل بڑے ہو رہے ہیں، تاہم وہ بالوں کو منڈوانے کے برے اور تکلیف دہ وقت کو کبھی نہیں بھول پائیں گی۔

انہوں نے اپنی ہمت پر اپنی ہی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران کینسر اور ذیابیطس جیسے امراض سے جنگ لڑی اور وہ جنگ جیتی۔

نادیہ جمیل نے لکھا کہ ہر بہادر شخص اپنے لیے ایک نعمت ہوتا ہے، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ اب وہ بہت خوش ہیں اور ہر سانس کے وقت انہیں زندگی اور خوشی کا احساس ہوتا ہے۔

Leave a reply