برطانیہ پھرلہولہاں ہوگیا : گلاسگو میں چاقو حملہ، 3 افراد ہلاک

گلاسگو: برطانیہ پھرلہولہاں ہوگیا : گلاسگو میں چاقو حملہ، 3 افراد ہلاک،اطلاعات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں چاقو حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک جب کہ پولیس افسر سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ شہر کے مصروف علاقے ویسٹ جارج اسٹریٹ پر واقع سٹی سینٹر میں پیش آیا جہاں چاقو بردار شخص نے حملے کر کے 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

پولیس نے جوابی کارروائی میں مشتبہ شخص کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس افسر پر حملے دوران فائرنگ کر کے حملہ وار کو مار دیا گیا۔

اسکاٹ لینڈ پولیس فیڈریشن نے واقعے کو دہشتگرد حملہ قرار دیتے ہوئے شہر بھر کی سیکورٹی مزید سخت کردی ہے اور جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

حملے میں زخمی ہونے والے پولیس افسر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جب کہ دیگر 5 زخمیوں کو بھی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

وزیر اعظم بورس جانسن نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ خبر سن کر صدمہ ہوا ہے۔

Comments are closed.