اپریل 2020 میں شادی سے قبل ہی پانچویں بچے کے والد بننے والے برطانوی وزیراعظم 55 سالہ بورس جانسن نے اپنی 24 سال کم عمر گرل فرینڈ 33 سالہ کیری سائمنڈ سے پلان سے پہلے شادی کر لی۔
باغی ٹی وی : برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بورس جانسن اور کیری سائمنڈ کی شادی ویسٹ منسٹر کے کیتھیڈرل میں ہوئی۔ جس میں صرف 30 افراد نے شرکت کی بورس جانسن کی یہ تیسری شادی ہے-
میڈیا کا کہنا ہے کہ تاریخی عمارت سیاحوں سے یہ کہہ کر خالی کرائی گئی کہ لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے جوڑے نے 30 جولائی کو شادی کرنے کا منصو بہ بنایا تھا-
ایک سو نناوے برس میں پہلا موقع ہے کہ کسی برطانوی لیڈر نے وزارت عظمیٰ کے دور میں شادی کی ہو اس سے قبل بورس جانسن برطانوی تاریخ کے وہ پہلے وزیر اعظم بھی تھے جو شادی کیے بغیر ہی وزیر اعظم ہاؤس میں گرل فرینڈ کے ساتھ رہ رہے تھے اور ان کے ہاں بچہ بھی ہوا۔
تاہم بورس جانسن سے قبل 2010 میں ڈیوڈ کیمرون وہ پہلے وزیر اعظم بنے تھے، جن کے ہاں وزارت عظمیٰ کے دوران بچے کی پیدائش ہوئی تھی تاہم وہ شادی شدہ تھے۔
واضح رہے کہ جوڑے کے ہاں اپریل 2020 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی اور دونوں کے درمیان 2018 سے تعلقات تھے اپنے ہاں بچے کی پیدائش سے قبل اگرچہ دونوں نے منگنی بھی کی تھی-
بورس جانسن کے کیری سائمنڈز سے ہونے والے بچے کے علاوہ بھی 4 بچے ہیں اور انہوں نے پہلے دو شادیاں بھی کر رکھی تھیں، جو دونوں طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔
انہوں نے پہلی شادی اٹالین نژاد برطانوی خاتون الجرا موسٹن سے 1987 میں کی لیکن دونوں کی شادی محض 6 سال کے اندر 1993 میں طلاق پر ختم ہوئی۔
پہلی شادی ناکام ہونے کے چند ہی ہفتے بعد انہوں نے پاک و ہند نژاد برطانوی نسل کی خاتون مرینا ویلر سے 1993 میں شادی کی اور جوڑے کے ہاں شادی کے ابتدائی 6 ماہ میں ہی پہلے بچے کی پیدائش ہوئی رپورٹس ہیں کہ مرینا ویلر اور بورس جانسن کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات ہوگئے تھے۔
مرینا ویلر اور بورس جانسن کی شادی 25 سال تک قائم رہی اور دونوں کے ہاں 4 بچے پیدا ہوئے، تاہم 2018 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرلی تھی-