پرہجوم بازار میں خاتون کا بہیمانہ قتل، جسم کے مختلف اعضاء کاٹ دیے گئے
بہار: بھارت میں ایک اور خاتون کو بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا گیا۔اطلاعات کے مطابق بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے علاقے بھگل پور میں حملہ آوروں نے ایک پرہجوم بازار میں ایک خاتون کو قتل کردیا اور اس کے جسم کے اعضاء کو تیز دھار آلے سے کاٹ دیا۔
خاتون کو شدید زخمی حالت میں جواہر لال نہرو کے سرکاری اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ متوفی کی شناخت نیلم دیوی کے نام سے کی گئی۔
اپنے نزعی بیان میں خاتون نے بتایا کہ حملہ آور اس کا پیچھا کر رہے تھے جب وہ بازار سے واپس آ رہی تھی۔ پھر اچانک محمد شکیل نامی شخص نے اس کے سر اور پیٹھ پر مارا بعد ازاں اس کے چار دیگر ساتھیوں نے اس کے دونوں ہاتھ، چھاتی، آنکھیں اور جسم کے دیگر حصوں کو کاٹ دیا۔
پولیس نے خاتون کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد اسکی فیملی کے حوالے کردی ہے۔ پریپینتی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او راج کمار پرساد نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگرچار ملزمان مفرور ہیں۔ایس ایچ او نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خاتون کے جسم کے مختلف حصوں کو تیز دھار آلے سے کاٹا گیا جس میں دونوں کان، چھاتی، اور ٹانگیں شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق قتل ہونے والی خاتون نیلم یادو کا شوہر اور ملزم شکیل آپس میں دوست ہیں، نیلم کے شوہر نے اسے شکیل کے گھر جانے منع کیا تھا جس پر ملزم شکیل اس قدر مشتعل ہوا کہ اس نے اپنے دوست کی بیوی پر اس وقت حملہ کر دیا جب وہ ہفتے کے روز مصروف بازار سے گھر واپس آ رہی تھی۔