حالیہ حکومت نے بجٹ میں فلم انڈسٹری کے لئے جو اعلانات کئے ہیں اس کے بعد شوبز سے جڑے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ہر کوئی ان اعلانات سے کافی مطمئن ہے۔ ریشم سمیت دیگر فنکاروں نے اس حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر وڈیوز جاری کیں تو مہوش حیات بھی پیچھے نہ رہیں انہوں نے ایک وڈیو پیغام جاری کیا جس میں کہتی ہوئی نظر آرہی ہیں کہ میں بہت خوش ہوں کہ حکومت نے فلم انڈسٹری کو مراعات دینے کا اعلان کیا ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بجٹ میں فلم سازی کو صنعت کادرجہ دینے اور ٹیکسوں میں چھوٹ حکومت قابل ستائش اقدام ہے۔مہوش حیات نے مزید کہا کہ ہم سب فنکار اس حوالے سے کئی برسوں سے بات چیت کررہے تھے جو بھی حکومت آتی تھی اسکے پاس جارہے تھے لیکن کبھی کچھ نہیں ہو سکا میں ان اعلانات کے بعد بہت خوش ہوں کہ ہم سب کو ہمارا حق مل رہا ہے۔
یاد رہے کہ صدارتی ایوارڈ یافتہ مہوش حیات جتنی ٹی وی پر مقبول ہیں اتنی ہی فلم میں بھی مقبول ہیں ان کی فلم ’’لندن نہیں جائونگا‘‘ عید الاضحی پر ریلیز ہونے جارہی ہے فلم میں مہوش کے ساتھ ہمایوں سعید اور کبری خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیگے۔اس فلم کے علاوہ ان کا ڈرامہ ’’ میں منٹو نہیں ہوں‘‘ بھی جلد ہی آن ائیر جائیگا اس میں بھی شائقین ہمایوں سعید کو مہوش کے ساتھ دیکھ سکیں گے۔