پاکستان کی ورسٹائل اداکارہ بشری انصاری نے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل سےزیادتی کے بڑھتے واقعات کے خلاف احتجاج کرنےاور اپنی آواز بُلند کرنے کا مطالبہ کیا ہے-
باغی ٹی وی : ٖ انسٹاگرام پر بشری انصاری نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے جنسی زیادتی کے بڑھتے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے-
https://www.instagram.com/p/CFEGUS9hkmu/?utm_source=ig_embed
بشری انصاری نے لکھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جنسی زیادتی کے گھناؤنے واقعات میں ملوث درندوں کو پھانسی دینے کے بجائے اُنہیں زندہ رکھا جائے اور ان کے ہاتھ پاؤں کاٹ کر اُنہیں اس قدر تکلیف دی جائے کہ وہ اپنی آخری سانس تک تڑپتے رہیں-
اداکارہ نے لکھا کہ جس طرح یہ مجرم عصمت دردی کرکے اور تیزاب پھینک کر چھوٹے بچوں اور عورتوں کو تکلیف دیتے ہیں اُسی طرح اِن کو تکلیف دی جائے تاکہ اُن بےقصور روحوں کو سُکون مل سکے اور یہ درندے ہر ایک کے لیے عبرت کا نشان بن سکیں۔
اُنہوں نے حکام سے پُرزور مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ میں مطالبہ کرتی ہوں کہ ان مجرمان کے ہاتھ پاؤں کاٹے جائیں تاکہ جو لوگ آج یا کل یہ گھناؤنا جرم کرنے کا سوچ رہے ہیں اُن کے دلوں میں خوف آجائے۔
بشری انصاری نے لکھا کہ پھانسی تو کچھ دیر کی تکلیف ہے لیکن اصل تکلیف تو عبرت کا نشان بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بس اب بہت ہو گیا اسلام کی باتیں کرتے ہیں تو پریکٹیکل بھی بنیں آنکھ کے بدلے آنکھ اور عزت اور ذلت کے بدلے ذلت
آخر میں اداکارہ نے مولانا طارق جمیل سے احتجاج کا مطالبہ کرتے ہوئے لکھا کہ مولانا طارق جمیل صاحب ہمیں آپ کی ضرورت ہیں اس سنگین مسئلے کے خلاف احتجاج کریں دھرنا دیں اپنی آواز بُلند کریں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل لاہورموٹروے پر خاتون کے ساتھ پیش آنے والے اجتماعی زیادتی کے خوفناک واقعے اوراس سے قبل کراچی میں 5 سال کی بچی کے ساتھ زیادتی کے بعد اسے جلا کرقتل کرنے سمیت ملک میں دیگر ہونے والے پے در پے واقعات نے عوام کو بوکھلا کر رکھ دیا ہے جہاں لوگ اور معروف شخصیات غم وغصے کا اظہار کر رہی ہیں وہیں شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس ظلم پر مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں اور ملزمان کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کررہے ہیں-