بزدار حکومت ایک اور قدم آگے،تعمیراتی شعبہ کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بزدار حکومت ایک اور قدم آگے ،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے تعمیراتی شعبہ کے فروغ کےلیے انقلابی اقدامات ، ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات کے ذریعے تعمیراتی شعبہ سے متعلقہ این او سی کا اجرا آسان بنا دیا گیا

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی اب ای خدمت مراکز سے ون ونڈو کے ذریعے حاصل کئے جا سکیں گے۔ نجی، کمرشل یا صنعتی تعمیرات کیلئے اجازت ناموں /این او سی کے حصول کے لیے اب برسوں انتظار نہیں کرنا پڑےگا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ این او سی کا اجرا آئندہ مقرر کردہ مدت میں چند ہفتے میں ہو گا۔ نقشوں کی منظوری، تکمیل تعمیر سرٹیفکیٹ، جگہ کے استعمال میں تبدیلی کا این او سی یا نجی رہائشی کالونیوں کی منظوری سے متعلقہ اجازت نامے نئے شیڈول کے تحت ملیں گے ،پہلے مرحلے میں پنجاب کے 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم ای خدمت مراکز میں ان سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔عوام کو فائلیں اٹھائے متعدد سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے نجات ملے گی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا مزید کہنا تھا کہ کرپشن کا ایک اور دروازہ بند کر دیا ہے۔ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، کارپوریشنز اور ایجنسیوں سے متعلقہ دستاویزات ای خدمت مرکز میں ایک چھت تلے میسر ہوں گی ۔ پنجاب میں Ease of Doing Business کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ان اصلاحات سے معیشت کا پہیہ بھی رواں دواں رہے گا اور کنسٹرکشن سیکٹر میں نوکریوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔عثمان بزدار
صارفین اپنی درخواستوں کا سٹیٹس جاننے کیلئے ای خدمت پورٹل یا موبائل اپ کے علاوہ 08009100 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔ہم باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں ۔

Shares: