سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ملک کے تمام اہم ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا آغاز کردیا ہے۔

باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں داخلے کے لیے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی لازمی شرط عائد کی گئی ہے جس کے بعد سے اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، ملتان اورفیصل آباد ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا آغازکردیا گیا ہے جس کے بعد پاکستانی مسافروں کو لے کر پروازوں نے متحدہ عرب امارات کے لیے اڑانیں بھرنا شروع کردی ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کے آغاز سے اب تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دو ہزار 50 مسافر متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔

جناح انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے اب تک چھ پروازوں کے ذریعے 1742 مسافروں کی روانگی ہوئی ہے جب کہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اب تک چھ پروازوں کے ذریعے 938 مسافروں کو متحدہ عرب امارات روانہ کیا گیا ہے۔

لاہورایئرپورٹ سے اب تک 8 پروازوں کے ذریعے 1626 مسافروں کی متحدہ عرب امارات روانگی ہوئی ہے جب کہ باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے 2561 مسافروں کو لے کر 14 پروازوں نے اڑان بھری ہے۔

فیصل آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے اب تک دو پروازوں کے ذریعے 277 مسافروں کو متحدہ عرب امارات روانہ کیا گیا ہے 18 اگست سے معمول کے مطابق متحدہ عرب امارات کے لیے پروازیں اڑانیں بھریں گی۔

Shares: