عرب امارات نے ایسے ملٹی پل ویزے متعارف کروا دیئے کہ ہرکوئی خواہش کرنے لگا

عرب امارات : متحدہ عرب امارات کی وفاقی کابینہ نے فاصلاتی پیشہ ورانہ کام کے ایک نئے نظام اور کثیرداخلے کے سیاحتی ویزے کی منظوری دی ہے۔اس کے تحت تمام قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد یو اے ای میں داخل ہوسکیں گے۔

وفاقی کابینہ کے منظورکردہ نئے نظام کے تحت مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے پیشہ ورحضرات یو اے ای میں مقیم رہ کر بیرون ملک کمپنیوں یا فرموں کے لیے فاصلاتی کام کرسکیں گے۔امارت دبئی نے گذشتہ سال اکتوبرمیں ورچوئل ورک ویزا متعارف کرایا تھا۔

یو اے ای نے کووِڈ-19 کی وبا اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی کم قیمتوں کے بحران کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے دولت مند اور پیشہ ور غیرملکیوں کو راغب کرنے کے لیے مختلف اقدامات متعارف کرائے ہیں۔اماراتی کابینہ کے نئے فیصلے ان ہی کا تسلسل ہیں۔

یو اے ای کے نائب صدر اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اتوار کو ایک ٹویٹر پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’نیا ورک ویزا پیشہ ور ورکروں کے لیے ہوگا۔اس کے علاوہ کابینہ نے تمام قومیتوں کے لیے کثیر داخلہ کے سیاحتی ویزے کی بھی منظوری دی ہے۔‘‘

انھوں نے کہا کہ ’’ہم عالمی سطح پر اپنے اقتصادی درجہ کی ترقی کے لیے واضح مقاصد کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ ہم اپنے شہریوں اور مکینوں کو بہتر معیار زندگی مہیا کرنا چاہتے ہیں۔‘‘

Comments are closed.