کیپٹن صفدر کی گرفتاری اور بیان بازی سے حالات انتہائی تشویشناک ہیں، رضاہارون و انیس ایڈووکیٹ
کیپٹن صفدر کی گرفتاری اور بیان بازی سے حالات انتہائی تشویشناک ہیں، رضاہارون، انیس ایڈووکیٹ
باغی ٹی وی : آئی جی سندھ نے اس مبینہ اغوا یا زبردستی کے خلاف نہ تو ایف آئی آر درج کروائی ہے اور نہ ہی مجاذ اتھارٹی کوتحریری شکایت کی ہے
معاملہ کی حساس نوعیت اور اداروں کی ساکھ کو سامنے رکھتے ہوئے بلاوجہ کی سیاسی بیان بازی و قیاس آرائی سے گریز کیا جائے
مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن صفدر کی کراچی میں گرفتاری اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال و بیان بازی انتہائی تشویشناک ہے۔ سینئر سیاسی رہنماؤں انیس ایڈوکیٹ اور رضاہارون نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ حیران کن بات ہے کہ پولیس کے صوبائی سربراہ کے ساتھ مبینہ طور پر ایک واقعہ ہو جائے اور تمام تر آئینی و قانونی اختیارات رکھنے کے باوجود آئی جی سندھ اس مبینہ اغوا یا زبردستی کے خلاف نہ تو ایف آئی آر درج کروائے اور نہ ہی اپنی سینئر مجاذ اتھارٹی کو باقاعدہ تحریری شکایت کرے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ایک سینئر پولیس افسر کو سب سے پہلے کیا کام کرنا چاہئے تھا؟
انہوں نے کہا کہ اس مبینہ واقعہ پر سندھ کی صوبائی حکومت، وفاقی اور پنجاب کی حکومت اور پی پی پی اور مسلم لیگ ن کے رہنما سیاسی مقاصد کیلئے متضاد بیان بازی کر رہے ہیں جس کے باعث ملک کے انتہائی حساس اور اہم اداروں کو لے کر دانستہ یا نادانستہ طور پر شکوک، شبہات اور سوالات کو ہوا دی جا رہی ہے۔ میڈیا پر گفتگو اور تبصرہ کرنے والا کوئی فرد اس معاملہ کا نہ تو عینی گواہ ہے اور نہ ہی اسے آئی جی سندھ نے اپنا ترجمان مقرر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جانب چیف آف آرمی اسٹاف جنرل باجوہ نے ان معاملات کا نوٹس لے کر انکوائری کی ہدایت کر دی ہے اور دوسری جانب صوبائی حکومت بھی اس پر وزراء کی کمیٹی قائم کر چکی ہے۔وزیراعظم اور وفاقی حکومت بھی اس پر نوٹس لے کر اپنی رپورٹ تیار کرے تو مناسب ہو گا۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ معاملہ کی حساس نوعیت اور اداروں کی ساکھ کو سامنے رکھتے ہوئے بلاوجہ کی سیاسی بیان بازی اور قیاس آرائی سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انکوائری کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کو درست معلومات دی جائیں۔