حساس ادارے کے دفتر پر کار بم دھماکہ میں ملوث دہشتگردپولیس مقابلے میں ہلاک

دہشت گردی کی 11 بڑی کارروائیوں میں ملوث اور 50 سے زائد معصوم جانوں کا کا قاتل انجام کو پہنچ گیا
0
161
ctd police

فیصل آبادمیں حساس ادارے کے دفتر پر کار بم دھماکہ میں ملوث تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد اپنے ساتھی سمیت پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔

ترجمان کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مطابق سی ٹی ڈی فیصل آباد کو خفیہ اطلاع ملی کہ دہشت گردی کی 11 بڑی کارروائیوں میں ملوث اور 50 سے زائد معصوم جانوں کا کا قاتل دہشت گرد محمد غضنفر ندیم عرف خالد حبیب چنیوٹ کے علاقے میں سیفٹی فیوز فیکٹری کے قریب اپنے ساتھیوں سمیت صوبہ بھر میں دہشت گردی کی وارداتوں کے لیے منصوبہ بندی کر رہا ہے۔جس پر سی ٹی ڈی فیصل آباد نے رات گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا،دہشت گردوں نے مزاحمت کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی جوابی فائرنگ میں محمد غضنفر اور اس کا ایک نامعلوم ساتھی ہلاک جبکہ دیگر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے دہشت گردوں کے ٹھکانے سے AK-47، پستول، گولہ بارود، ہینڈ گرنیڈ، سیفٹی فیوز، ڈیٹونیٹرز اور دھماکہ خیز مواد سمیت دیگر گولہ بارود قبضہ میں لے کر مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

ترجمان نے کہاکہ ملزم مذہبی منافرت پر مبنی دہشت گردی،پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش حملہ، فیصل آباد میں آئی ایس آئی کے دفتر پر گاڑیوں کے ذریعے بم حملہ، ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری سمیت 50 افراد کے قتل میں ملوث اور پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ملزم 2011 سے مفرور تھا،پولیس نے اس کے سر کی قیمت 2.5 ملین روپے مقرر کی تھی جبک اورمختلف ادارے اس کی تلاش جاری رکھے ہوئے تھے۔

ترجمان نے مزید کہاکہ یہ کامیاب آپریشن دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پنجاب پولیس کے محکمے کی غیر متزلزل کوششوں میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ محمد غضنفر ندیم کا خاتمہ تشدد کی گھناؤنی کارروائیوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لگن کو واضح کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ غضنفر اور اس کے ساتھی کا خاتمہ ایک واضح اور بھرپور پیغام دیتا ہے کہ دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کا مسلسل تعاقب کیا جائے گا اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، جس سے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کو تقویت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ کانٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب پوری مستعدی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اوردہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق کسی بھی معلومات کی صورت میں کا ؤ نٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہیلپ لائن 0800-11111 پر اطلاع کریں۔

Leave a reply