پیروں کی خشک اور کھردری جلد کی حفاظت کیجئے ہوم میڈ سکرب سے

0
87

ہمارے جسم کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا عضو پاؤں ہے۔ بعض اوقات انہیں ٹائٹ شوز میں پھنسا دیا جاتا ہے یا پھر سٹائلش جوتے ان کے لیے مصیبت بن جاتے ہیں، یہ سارا دن ہمارا وزن اٹھاتے ہیں۔ایسے میں ضروری ہوتا ہے کہ ان کی دیکھ بھال مناسب طریقے سے کی جائے اور ان کی صفائی ستھرائی کا خیال رکھا جائے۔ صاف ستھرے ناخن ،اور میل کچیل سے پاک پاؤں پُروقار اور شاندار لگتے ہیں۔
یہ خوبصورت اور نازک فیتوں والی سینڈلز پہننے کا موسم ہے لہذا کسی تقریب یا میل ملاقات کے موقع پر ایڑیوں اور تلوے کی کھردری اور خراب جلد آپ کا سارا تاثر ماند کر سکتی ہے۔ اس کے لیے فٹ اسکرب بہترین حل ہیں۔ ان کی مدد سے آپ خشک اور کھردری جلد اتار کر اپنے پیروں کو نرم و ملائم اور ہموار بنا سکتی ہیں۔ خوشبو اور تازگی کا احساس اسکے علاوہ ہے۔گھر میں فٹ سکرب کیسے تیار کیا جاتا ہے اور اس کاٹھیک استعمال نیچے درج ہے۔
اجزاء:
ایپسم نمک : 1/2 کپ
کیمومائل یا لوینڈر کا تیل : 20قطرے
پھولوں کی پتیاں : مٹھی بھر
انگور کے بیج کا تیل یا سورج مکھی کا تیل : 1/4کپ
ترکیب اور طریقہ استعمال:
ایک باؤل کو نیم گرم پانی سے بھر لیں اور اس میں 1/4کپ نمک ، کیمومائل یا لوینڈر ( Lavendor ) تیل کے 10 قطرے اور پھولوں کی پتیاں ڈال کر اس پانی میں تقریباً10منٹ کے لیے اپنے پاؤں کو سکون سے بھگو کر رکھیں۔پھر انگور کے بیج کا تیل یا سورج مکھی کا تیل اور کیمومائل یالوینڈر تیل کے 10 قطرے ڈال کر ملائیں اور اس آمیزے سے پاؤں کو رگڑیں، خاص طور پر تلووں اور ایڑیوں پہ خصوصی توجہ دیں۔اگر آ پ کی جلد بہت حساس ہے تو نمک کی جگہ موٹی چینی استعمال کر سکتے ہیں۔
وقت کی کمی کی وجہ سے اگر سکرب نہیں بنا سکتیں ہیں تو روزانہ رات کو سونے سے پہلے نیم گرم پانی میں نمک ڈال کر 15منٹ تک پاؤں بھیگے رہنے دیں۔ اب جھانویں سے پاؤں رگڑیں دھونے کے بعد پاؤں خشک کر کے لیمن کریم لگا لیں۔ اس سے آپ کے پاؤں دن بھر کی بھاگ دوڑ کی تھکاوٹ سے آرام پائیں گے۔

Leave a reply