سی ڈی اے کا اسلام آباد میں تجاوزات کیخلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری

0
175

اسلام آباد انتظامیہ اورایم سی آئی کے متعلقہ شعبوں کی مشترکہ انسداد تجاوزات آپریشن شہر بھر جاری ہیں۔ ہفتہ کے روز تعطیل کے باوجود شہر بھر میں مختلف انسدادِ تجاوزات آپریشنز کیے گئے۔ ان آپریشنز میں سی ڈی اے کی زمین، فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم کی گئیں تجاوزات، عمارتوں کے گرد لگائی گئیں باڑیں، سرکاری اراضی پر قائم کی گئی پارکنگ، کار شیڈز، جنریٹرز، سیکورٹی کیبن، لان وباغیچے اور گرین بیلٹ اور خالی جگہوں پر قائم کی گئیں تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سیکٹرG-6/2 میں کی جانے والی کاروائی کے دوران سٹریٹ نمبر31،35 ،36، 38اورسٹریٹ نمبر39 میں 31 گھروں کے باہر لگائی گئیں غیر قانونی باڑیں اور لوہے کے جنگلے اور 03 گھروں کے باہر تعمیر کردہ سیکورٹی کیبنز کو مسمار کر دیا گیا۔ اسی طرح سیکٹرG-6/3 کی سٹریٹ نمبر01اور03میں آپریشن کے دوران متعدد باڑیں،سیکورٹی کیبن،باتھ روم اور دیگر تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔ مزید برآں سیکٹر G-6/3 میں 10 کنال سرکاری اراضی کے گرد لگائی گئی باڑ کا خاتمے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے 02کمرے، کچن،باتھ روم،جنریٹر شیڈ اور پرندوں کے پنجروں کا خاتمہ کیا گیا۔

قبل ازیں سی ڈ ی اے نے بذریعہ پبلک نوٹس عوام الناس کو متنبہ کیا تھا کہ سرکاری اراضی،فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم کی گئیں تجاوزات، عمارتوں کے گرد لگائی گئیں باڑیں، سرکاری اراضی پر قائم کی گئی پارکنگ، کار شیڈز، جنریٹرز، سیکورٹی کیبن، لان وباغیچے اور گرین بیلٹ اور خالی جگہوں پر قائم کی گئیں تجاوزات کا از خود خاتمہ کر دیں بصورت دیگر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دی گئی مہلت کے خاتمے کے بعد تمام متعلقہ شعبوں کے تعاون سے اس طرح کی تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھر پور کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کر کے تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔
محمد اویس

Leave a reply