شیخوپورہ(نمائندہ باغی ٹی وی) کمانڈنٹ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج ڈی آئی جی محبوب اسلم کی ہدایت پر موٹروے پولیس ٹریننگ کالج، شیخوپورہ میں یومِ پاکستان کو بھرپور انداز میں منانے کے لئے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریبات کا آغا ز صبح قرآن خوانی اورملک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا سے کیا گیا۔

ڈپٹی کمانڈنٹ موٹروے پولیس ٹریننگ کالج تیمور خان نے موٹروے پولیس کے دیگر افسران کے ہمراہ یادگار شُہداء پر پھول چڑھائے، سلامی پیش کی اور شُہداء کے درجات کی بُلندی کے لئے دُعا کی۔بعد ازاں موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں قومی پرچم لہراکر سلامی پیش کی گئی۔ مزید تقریبات میں ملی نغمے گائے گئے، یومِ پاکستان کے حوالے سے تقاریر کی گئیں اوراچھی کارکردگی دکھانے والے زیرتربیت افسران میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

اس موقع پر موٹروے پولیس ٹریننگ کالج میں موجود زیرتربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمانڈنٹ تیمور خان نے کہاکہ روشن پاکستان کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو ملکر کام کرنا ہوگا موٹروے پولیس کی روایات ایمانداری، مدد کا جذبہ اور خو ش اخلاقی کو اگر تما م ادارے اور عوام اپنا لیں تو پاکستان میں۔ حقیقی معنوں میں ترقی ہوسکتی ہے انہوں نے مزیدکہا کہ موٹروے پولیس کی یوم پاکستان کے سلسلے میں ملک کے طول و عرض میں تقریبات منعقد کرنے کا مقصد اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے اور آئندہ آنے والی نسلوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کے حصول کے لئے ہمارے آباؤ اجداد نے بہت قربانیاں دی ہیں اور اب یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم دن رات کی محنت اور لگن سے اس کا جھنڈا اقوامِ عالم میں سر بلند کریں۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمانڈنٹ تیمور خان نے موٹروے پولیس کے افسران کے ہمراہ یوم پاکستان کا کیک بھی کاٹا۔

Shares: