چیئرمین نیب نے کراچی میں کے الیکٹرک کیخلاف عوامی شکایات کا نوٹس لے لیا
باغی ٹی وی : چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کے الیکٹرک کے خلاف عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور اربوں روپے کی اووربلنگ پر انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔
چئیرمین نیب کی جانب سے کے الیکٹرک کی جانب سے حکومت سے کیے معاہدے کی مکمل پاسداری نہ کرنے کی انکوائری کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے کے الیکٹرک کے خلاف تین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے اور اس کیساتھ کئے گئے معاہدوں کی تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ خیال رہے کہ کے الیکٹرک پر عوام سے اووربلنگ کی مد میں اربوں روپے کی رقوم ہتھیانے کا بھی الزام ہے۔
ادھر وفاق کی مداخلت اور بڑی یقین دہانیوں کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری بجلی کی بندش سے تنگ آ چکے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی چوری، فالٹس اور لوڈ مینجمنٹ کے نام پر گھنٹوں بجلی کی بندش ہو رہی ہے۔
سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ کراچی کے ہرعلاقےمیں ساڑھے 7 سے 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ اووربلنگ پرصارفین کوغلط فہمی ہوئی ہے۔ کراچی کاٹیرف ملک سے ڈھائی روپے کم ہے۔
سی ای اوکے الیکٹرک نے کہا کہ فالٹس کو لوڈشیڈنگ نہ سمجھاجائے۔ 2100 میگاواٹ بجلی آئندہ سال کےالیکٹرک کو مل جائے گی۔
خیال رہے کہ روشنیوں کا شہر کراچی بجلی کی شدید قلت کا شکار ہے جہاں طلب اور رسد کا فرق300 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے۔