پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کا معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں لےکر جانا چاہیے.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حمزہ شہباز نے احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کے معاملے پر اسمبلی کا اجلاس بلوایا جائے اور چیئرمین نیب اور عمران نیازی اسمبلی میں آکرعوام کو بتائیں ،انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت ڈوب رہی ہے نیب کاروباری افراد کو ڈرا رہا ہے ،حمزہ شہبازکا مزید کہنا تھا کہ یہ ثابت ہوچکا ہے کہ عمران خان نیازی نااہل وزیراعظم ہیں .
واضح رہے کہ رمضان شوگر مل کیس میں احتساب عدالت نے سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی ہے اور شہباز شریف کو جون میں ٹیسٹوں کے فوری بعد پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے.
واضح رہے کہ نیوز ون چینل نے ایسی ویڈیو اور آڈیو نشر کی جس میں مبینہ طور پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو ایک خاتون سے نازیبا گفتگو کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ قومی احتساب بیورو کے ترجمان نے چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف چلنے والی خبر کی تردید کردی۔ترجمان نیب کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نیوز ون پر چیئرمین نیب کے حوالے سے حقائق کے منافی، من گھڑت ، بے بنیاد اور جھوٹی خبر چلائی گئی جس کا مقصد جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔