چیئرمین سینیٹ کی پاکستان اور ملائشیا کے درمیان بہتر تعلقات بڑھا نے کی یقین دہانی

اسلام آباد چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان ملائشیا کے بردارا نہ تعلقات کو کثیر الجہتی سطح پر مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ پاکستان ملائشیا معاونت کاری سٹریٹیجک تعاون میں تبدیل ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینیٹ نے ملائشیا کے سفیر اکرام محمد ابراہیم سے بدھ کو پارلیمنٹ میں ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ اہم امور، علاقائی صورتحال، تجارتی و اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ملائشیا کے ساتھ باہمی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دوطرفہ تعلقات تاریخی، ثقافتی،مذہبی، سماجی مماثلتوں میں پروئے ہوئے ہیں۔پاکستان ملائشیا کے ساتھ بردارا نہ تعلقات کو کثیر الجہتی سطح پر مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔پاکستان ملائشیا معاونت کاری سٹریٹیجک تعاون میں تبدیل ہو چکی ہے۔

مسلم امہ کو درپیش مسائل پر دونوں ملکوں کا مشترکہ نقطہ نظر انتہائی اہم شمار کیا جاتا ہے۔ دونوں ممالک کا آٹو موبائل، تعلیم، صنعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بھی انتہائی اہم ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول انتہائی سازگارہے ملائیشین سرمایہ کار سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ ملائشیا کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے۔ دونوں ملکوں کی تاجر برادری کو مزید قریب لانے کی ضرورت ہے۔

تجارتی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے وسیع گنجائش موجود ہے اورعوامی سطح پر روابط کو مزید استحکام دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پارلیمانی شعبوں میں تعاون کے لئے پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا ہوگی اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔

ملائشیا کے سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعاون اور رابطہ کاری کی بدولت تعلقات کو مزید استحکام مل رہا ہے۔ ملاقات میں مسئلہ فلسطین پر تبادلہ خیال کرتے ہوے اسرائیلی جارحیت کے باعث ہونیوالی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔  

 

Comments are closed.