چیئرمین سینیٹ سے پاکستان امریکن مسیحی برادری کے وفد کی ملاقات
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے سینیٹر دنیش کمار، سینیٹر گردیپ سنگھ اورسینیٹر انور لال دین کی سربراہی میں پاکستان امریکن مسیحی برادری کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم ا مور کے علاوہ بین المذاہب ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سینیٹ نے وفد کا پارلیمنٹ ہاؤس میں استقبال کرتے ہوئے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی پہلے کی نسبت اب مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاموفوبیا کا بڑھتا ہوا رجحان اس بات کا متقاضی ہے کہ دنیا کو بتایا جائے کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے جو دوسرے مذاہب کے احترام کا بھی درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بین المذاہب ہم آہنگی کو عام کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر کرس نے چیئرمین سینیٹ کو امریکہ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی
وفد جس میں کرسچن سوشل اپ لفٹ تنظیم کے صدر برونیئر بی۔ نیوٹن، آل نیبرزانٹرنیشنل کے سربراہ الیاس مسیح، ڈاکٹر کرس گناکن شامل تھے۔ وفد نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اور کہا کہ پاکستانی امریکن کرسچن کمیونٹی پاکستان اور امریکہ کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے اور بہتر رابطہ کاری میں بھر پور معاونت کاری فراہم کر رہی ہے۔ ڈاکٹر کرس نے چیئرمین سینیٹ کو امریکہ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ ان کے لئے ایک تاریخ ساز موقع ہو گا جس میں وہ پاکستانی کمیونٹی سے تبادلہ خیال بھی کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے بتایا کہ پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق فراہم کرتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان میں ایوان بالاء کے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین سینیٹ، مسلم مذہبی سکالز اور سینیٹرز پر مشتمل ایک فرینڈ شپ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا تاکہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان امریکن کرسچن کمیونٹی کے ساتھ مل کر مذہبی ہم آہنگی، مفاہمت اور رواداری کے فروغ کے لئے کام کیا جا سکے۔ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں ملک کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کھیل، سیاست اور سماجی شعبہ ہائے زندگی میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ایک کثیر الثقافتی ملک ہے اور اس کا ثقافتی تنوع اس کی خوبصورتی میں مزید اضافے کا باعث بنتا ہے۔ انہوں نے وفد پر زور دیا کہ وہ امریکن سوسائٹی کو پاکستان کے بارے میں آگاہ کریں اور معاشرتی پہلوؤں کو اُجاگر کر یں تاکہ ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے اور ترقی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین سینیٹ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ایوان بالا ء میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین سینیٹ نے قانون سازی میں ہمیشہ موثر کردار ادا کیا ہے اور اچھی روایات قائم کیں ہیں
پاکستان پیپلزپارٹی آزادی صحافت کی حمایت جاری رکھے گی۔
اگر دوسرے صوبوں کے ساتھ بھی نا انصافی ہوئی تو آواز اٹھائیں گے
شمولیت سے پارٹی مضبوط سے مضبوط تر ہوگی ,سعید غنی








