راولپنڈی: چودھری پرویزالٰہی اہم شخصیت کے گھرپہنچ گئے،اطلاعات کےمطابق چودھری پرویزالٰہی اہم سیاسی شخصیت کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ، رکن قومی اسمبلی حسین الٰہی، صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر اور مسلم لیگ راولپنڈی کے صدر زبیر خان نے بھی صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی رہائش گاہ آمد کی۔
مسلم لیگی رہنماؤں نے راجہ بشارت سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کے بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
چودھری پرویزالٰہی کا اس موقعے پر کہنا تھا کہ ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ آپ سب کو یہ صدمہ ہمت و حوصلہ سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔تحریک انصاف کے ایم این اے صداقت علی عباسی اور راجہ بشارت کے صاحبزادے راجہ بہروز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ادھر وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق پاکستان مسلم لیگ ق کی جانب سے کل کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کی اہم مشاورتی بیٹھک آج ہوئی جس میں مسلم لیگ (ق) کے اپوزیشن اور حکومت سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کا مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشاورت کل بھی جاری رہے گی۔
اس حوالے سے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کسی بھی کشمکش کا شکار نہیں کل کے اجلاس میں حتمی فیصلے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کو حکومت تاحال مطمئن نہیں کر پائی ہے جبکہ مسلم لیگ ق اور حکومت میں گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بھی بے نتیجہ رہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ق کے ساتھ تمام معاملات پر اتفاق ہو گیا ہے، تاہم وفاقی وزیر طاہر بشیر چیمہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ فواد چودھری کا دعویٰ مسترد کرتے ہیں، ان کے ساتھ ملاقات کے دوران عدم اعتماد نہیں صرف پیکا آرڈیننس پر بات چیت ہوئی تھی۔
دوسری طرف ق لیگ کے مطابق سیاست میں ضد یا انا نہیں بلکہ پارلیمانی و جمہوری رویے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، مسلم لیگ ق کی پنجاب سمیت ملکی سیاست میں ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے۔