چیف سیکرٹری پنجاب کا آئی جی پنجاب کے ہمراہ گوجرانوالہ کا دورہ ، گوجرانوالہ انتظامیہ کے ساتھ اہم میٹنگ

0
43

چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ریٹائرڈ) اعظم سلیمان کا آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے ہمراہ گوجرانوالہ کا دورہ

سر کٹ ہاوس گوجرانوالہ میں، کمشنر،آر پی او گوجرانوالہ، ڈپٹی کمشنرزاورڈی پی اوزکےساتھ اہم اجلاس
اجلاس میں امن وامان کی صورتحال، اشیاء خورونوش کے نرخوں اورانکی دستیابی،ہسپتالوں اورسکولوں میں سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی سکیموں، آوارہ کتوں کی تلفی سے متعلق اقدامات کا جائزہ
قبرستانوں سے غیر قانونی قبضوں کے خاتمے، سرکاری اراضی کو واگزار کروانے کے حوالے سے اہم فیصلے
تمام سول اور پولیس افسران کو مکمل اختیارات دیئے گئے ہیں، اب لوگو ں کے مسائل کے حل کیلئے کمرکس لیں: چیف سیکرٹری
ڈویژن میں 102 نئی ترقیاتی سکیموں میں سے 80کی منظوری کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی22 پر کام جاری ہے، اجلاس کو بریفنگ

چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ریٹائرڈ) اعظم سلیمان خان جو ان دنوں تواتر کے ساتھ صوبے کے مختلف ڈویژنز اور اضلاع کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں آج آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کے ہمراہ گوجرانوالہ پہنچے اور سرکٹ ہاوس میں سول اور پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ افسران کو مکمل اختیارات دے دیئے گئے ہیں، اب آپ لوگوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے خود کو وقف کر دیں۔
میجر (ریٹائرڈ) اعظم سلیمان خان نے کہا کہ تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ملکر سبزی اور فروٹ منڈیوں کے دورے کریں اور اپنی نگرانی میں اشیاء خورونوش کی قیمتیں مقررکروائیں۔ اسی طرح انتظامی افسران اپنے دفاتر سے نکلیں اور سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں، سٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں اور اس کے علاوہ ادویات کے سٹاک اور انکی فراہمی کو بھی مانیٹر کریں۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری کیساتھ ساتھ ان اداروں کے مسائل کو بر وقت حل کروائیں تاکہ ہماری موجودہ نسل بہترین ماحول میں زیور تعلیم سے آراستہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران گوجرانوالہ میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے مقامی سول سوسائٹی کے تعاون سے زیادہ سے زیادہ شجر کاری پر توجہ دیں اور شہروں کی صفائی ستھرائی اور زیرو ویسٹ پالیسی پر عملدرآمد کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں تمام شہروں سے آوراہ کتوں کی تلفی، وال چاکنگ اور غیر قانونی تشہر کیخلاف شروع کئے جانیوالے آپریشنز کو حتمی شکل دی گئی۔ چیف سیکرٹری پنجاب نےقبرستانوں سےغیرقانونی قبضوں کے خاتمے، سرکاری اراضی کو واگزار کروانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، نارووال اور منڈی بہاولدین میں پی ایچ اے کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اضلاع میں کاروباری اور روز مرہ کی سرگرمیوں کیلئے لوگو ں کے تحفظ کو یقینی بنائیں تاکہ عوام روزمرہ کے معمولات زندگی پر سکون انداز میں انجام دے سکیں کیونکہ تمام تر کاروبار زندگی اور دیگر امور کا براہ راست امن و امان کی صورتحال سے منسلک ہیں۔
اجلاس میں گوجرانولہ ڈویژ ن میں عوامی فلاح کیلئے شروع کئے جانیوالے ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا اور چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ ڈویژن میں 102 نئی ترقیاتی سکیموں میں سے 80کی منظوری کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ باقی22 پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ڈویژنل کمشنر، آرپی اواور تمام ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ تمام ڈی پی اوز نے بھی شرکت کی۔

Leave a reply