لاہور: ایک طرف پنجاب کے وزیراعلی عثمان بزدار پرمشکل وقت ہے تو دوسری طرف چینی وفد اس مشکل وقت میں اہم پیغام لے کر وزیراعلیٰ آفس پہنچ گیا ، اطلاعات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے پاک چین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر اور اقوام متحدہ کے سابق انڈر سیکرٹری جنرل شازوکانگ کی قیادت میں بزنس مینوں کے وفد کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے فروغ ، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور سی پیک کے تحت منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ سی پیک کے تحت تعاون کومزید فروغ دینے پراتفاق بھی ہوا۔اس موقع پرمشیر ڈاکٹر سلمان شاہ نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین پاکستان کا ایسا بااعتماد اور مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے، چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔سردار عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کا رشتہ پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہو چکا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی ہر گزرتے لمحے مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے۔