چترال : لوٹکوہ سڑک کشادگی اور مرمت ، مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

چترال (گل حماد فاروقی)سیاحتی مقام وادی گرم چشمہ کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر کام شروع ہوا ہے جس کی تکمیل سے اگر ایک طرف اس سڑک پر حادثات کی شرح میں کمی آئے گی تو دوسری جانب اس خوبصورت وادی میں سیاحت بھی فروغ پائے گی۔
پچاس ہزار سے زیادہ آبادی پر مشتمل وادی گرم چشمہ کی سڑک پر توسیع اور مرمت کا کام شروع ہوا ہے۔ یہ سڑک دریائے لٹکوہ کے کنارے سنگلاح پہاڑوں کی بیچ میں سے گزرا ہے جو ہر سال سیلاب، برفانی تودے لینڈ سلایڈنگ کی وجہ سے ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند ہوجاتی ہے۔ اب یہ سڑک صوبائی محکمہ مواصلات یعنی کمیونیکیشن اینڈ ورکس سے وفاقی محکمہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالہ ہوئی ہے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر این ایچ اے عامر زیب جو اس سڑک پر جاری کام کی نگرانی خود کررہے ہیں ان کے مطابق فی الحال اس سڑک کی چوڑائی 18 فٹ ہے مگر یہ جب یہ سڑک پراجیکٹ کے حوالہ ہوگا تو تارکولی سڑک کی کشادگی 21 فٹ ہوگی جبکہ اسکے دونوں جانب چھ چھ فٹ شولڈر ہوں گے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر زیب کا کہنا ہے کہ این ایچ اے کے Maintenance سیکشن کے پاس لواری ٹاپ سے چترال اور چترال سے درہ پاس تک سڑک کی مرمت پر کام ہورہا ہے۔عامر زیب نے کہا کہ اس سڑک پر پچیس کلومیٹر حصہ حراب ہے جو بیس پچیس کروڑ روپے میں آسانی سے تعمیر ہوسکتا ہے اور اس سے نہ صرف لوگوں کو سفر میں آسانی ہوگی بلکہ ان کا وقت بھی بچ جائے گا اور حادثات کی شرح میں بھی کمی آئے گی۔

اس سڑک کی مرمت اور حفاظتی دیواروں کی تعمیر پر علاقے کے لوگ بھی نہایت خوش ہیں۔ایل ڈی ایف کے صدر نصرت الہی کا تعلق گرم چشمہ سے ہے انہوں نے اس سڑک کی مرمت، حفاظتی دیواروں کی تعمیر اور سڑک کی کشادگی پر وفاقی وزیر مواصلات، این ایچ اے حکام اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عامر زیب کا حصوصی شکریہ ادا کیا جو دن رات اس سڑک پر موجود ہوکر کام کی نگرانی کرتا ہے تاکہ معیاری کام ہوسکے۔
ضلع اپر چترال کے تحصیل امیر جے یو آئی فاتح الرحمان نے اس سڑک پر مرمت کے کام شروع کرنے پر حکام اور این ایچ اے کا بھی شکریہ ادا کیا انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ گرم چشمہ کی سڑک میں کئی ایسے پل ہیں جو لکڑی سے بنے ہوئے ہیں اور نہایت حستہ حال ہیں۔

چترال میں حراب سڑکوں کی وجہ سے اکثر جان لیوا حادثات پیش آتے ہیں اب ان سڑکوں کی کشادگی، مرمت اور تعمیر سے اگر ایک طرف حادثات کا شرح کم ہوگر لوگوں کو سہولت میسر ہوں گی تو دوسری جانب اس سے اس خوبصورت وادی میں سیاحت بھی فروغ پائے گی۔ان سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے فنڈ فراہم کرنے پر لوگوں نے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان اور وفاقی وزیر مواصلات مفتی اسعد محمود کا بھی شکریہ ادا کیا۔

Leave a reply