چترال،باغی ٹی وی (گل حماد فاروقی کی رپورٹ)چترال پشاور شاہراہ دروش کے مقام پر سیلاب کی وجہ سے بند ۔ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا
چترال میں پشاور شاہراہ دروش میں کلدام گول کے مقام پرسیلاب کے باعث بند ہے،مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سکول سے واپس آنے والے طلباء بھی سیلاب میں پھنس گیے۔ دروش میں کلدام گول نالہ میں شدید طغیانی کی وجہ سے مسافر گاڑیاں سیلاب کے اندر پھنس گئی ہیں ،جنہیں بڑی مشکل سے ٹریکٹر سے باندھ کر نکالا گیا۔
اسی جگہ پر خواتین کا ڈگری کالج بھی ہے جہاں کی طالبات بھی سیلاب کی وجہ سے محصور ہوچکی تھیں۔ طلباءکو لانے والی ایک سکول بس بھی سیلاب میں پھنس گئی جسے بڑی مشکل سے نکالا گیا۔ بس میں پھنسے ہوئے طلباء نے بتایا کہ ہم بہت خوف زدہ ہوگئے، یہاں پل نہ ہونے کی وجہ جب بھی بارش برستی ہے تو اس نالے میں سیلاب آتا ہے ہم بار بار مطالبہ کرتے آرہے ہیں کہ یہاں ایک پل تعمیر کیا جایے مگر اس کی کہیں بھِی شنوانی نہیں ہوتی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ این ایچ اے کی جانب سے صرف ایک ٹریکٹر بھیجا گیا تھا مگر وہ بھی سیلاب میں آنے والا ملبہ جو سڑک پر جمع ہواتھا اسے صاف نہ کرسکا۔
مسافر گاڑیوں کے ڈرائیور جان کا خطرہ مول لیتے ہوئےاس سیلاب کے اندر سے گاڑیاں گذارنے پر مجبور ہیں،برساتی نالے کے دونوں جانب کثیر تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں ، مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا مینٹینس سیکشن سڑک کی مرمت کے نام پر کروڑوں روپے کا فنڈ تو لیتا ہے مگر اسے چند افسران اور ٹھیکیداران ملی بگھت کرکے ہڑپ کرجاتے ہیں۔
متاثرہ لوگوں نے اعلیٰ حکام سےمطالبہ کیا ہے کہ کلدام گول نالہ میں پچھلے دنوں بھی چوبیس گھنٹے سے زیادہ مسافر پھنسے رہےتھے
یہاں ایک پل تعمیر کیا جائے تاکہ مستقل بنیادوں پر اس مسئلے کا حل نکالا جاسکے اور مسافر گاڑیاں بار بار اس سیلابی نالے مِیں پھنسنے سے بچ سکیں اورچترال پشاور روڈ گاڑیاں مسافر بلاتعطل اپناسفرجاری رکھ سکیں.