چونڈہ کے محاذ پر نوجوان تنظیمات کا اجتماع، دفاع وطن کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ رہنے کا عزم

چونڈہ (باغی ٹی وی ) جنگ ستمبر1965کے حوالے سے تاریخی اہمیت کے حامل شہر چونڈہ میں پاکستان یونائیٹڈ یوتھ کے زیراہتمام جسد واحد کے عنوان پر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیر یوتھ الائنس، متحدہ طلبہ محاذ اور نیشنل یوتھ الائنس سے منسلک سیاسی و مذہبی یوتھ جماعتوں کے مرکزی و ذیلی قائدین نے شرکت کی، کانفرنس کی صدارت پاکستان یونائیٹڈ یوتھ کے صدر شہزادہ بٹ نے کی جبکہ شرکاء میںکشمیر یوتھ الائنس کے سیکرٹری جنرل رضی طاہر،انجمن طلبائے اسلام کے مرکزی ناظم معظم شہزاد ساہی، پاکستان تحریک شعور کے مرکزی صدر سجاد احمد مہر، مسلم سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے بلال ربانی، مسلم طلباء محاذ سے عبید عباسی، اہلحدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن سے حافظ عبدالماجد، اہلحدیث یوتھ فورس سے یاسر عنایت پسروری، مصطفائی تحریک سے رانا سانول، گیان سحر سے محمد عثمان حیدر، انجمن فکر نوجواناں سے حمزہ طاہر، پاکستان زندہ باد فائونڈیشن سے عبدالرئوف جلالپوری اور مسلم لیگ قائد اعظم سے صدف بٹ شامل تھے۔

آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ بٹ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چونڈہ کی تاریخی سرزمین میں پاکستانی افواج نے بے شمار قربانیاں دی ہیں ، آج ہم آزاد ہیں تو اس کا سہرا1965کے شہداء کے سر جاتا ہے جنہوں نے بھارتی غرور کو خاک میں ملادیا، سیکرٹری جنرل کشمیر یوتھ الائنس رضی طاہر نے کہا کہ پاکستان کے تمام نوجوان اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، تاہم ہمیں اس موقع پر بھی کشمیر کو نہیں بھولنا چاہیے، کشمیرہماری شہ رگ ہے اور دشمن کے قبضے سے ہم نے واپس لینی ہے، معظم شہزاد ساہی نے کہا کہ ہمیں وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں کا بھی دفاع کرنا ہے،

بلال ربانی نے کہا کہ دشمن ہمیں فرقہ واریت کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، تاہم اس کی یہ سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی، حافظ یاسر پسروری نے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے اختلافات کو ترک کرکے دشمن کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا چاہیے، یوتھ قائدین نے کانفرنس کے بعد شہداء کے مزارات پر حاضری دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، اس موقع پر یکجہتی کشمیر ریلی بھی نکالی گئی اور کشمیر کے حریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

Shares: