پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چوتھا ون ڈے بھی ہرادیا

0
44
Match

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چوتھا ون ڈے بھی ہرادیا
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو چوتھے ون ڈے میچ میں 102 رنز سے شکست دے کر ون ڈے میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ پاکستان نے چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 335 رنز کا ہدف دیا تھا. کراچی میں ہونے والے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 334رنز بنائے۔ بابراعظم نے 107 رنز کی اننگز کھیلی، بابراعظم کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے۔

اس سے قبل پانچ میچز کی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 335 رنز کا ہدف دے دیا ہے جبکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونےوالے پانچ میچز کی سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں مہمان ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

قومی ٹیم کی طرف سے اننگ کا آغاز فخر زمان اور شان مسعود نے کیا، دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا، سیریز کے پہلے دو ون ڈے میچوں میں مسلسل دو سنچریاں بنانے والے فخر زمان اس بار میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 7 ویں اوورز میں 36 کے مجموعی سکور پر 17 گیندوں پر 14 رنز بنا کر میٹ ہینری کا شکار بن گئے۔ شان مسعود اور بابر اعظم سکور کو آگے لیکر چلے ، اس دوران دونوں بیٹرز نے زبردست چوکے لگائے، تاہم شان مسعود بدقسمت ثابت ہوئے اور ففٹی مکمل نہ کر سکے، 86 کے مجموعی سکور پر 55 گیندوں پر 44 رنز بنا کر سوڈھی کی گیند پر اسٹیمپ آؤٹ ہو گئے۔


محمد رضوان اس بار بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 28 گیندوں پر 24 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس دوران بابراعظم نے اپنے کیریئر کی 27 ویں نصف سنچری بنائی۔ کپتان کی اپنے کیریئر کے آخری 16 میچز میں 13 ویں نصف سنچری تھی۔ قومی ٹیم کے کپتان نے مڈل آرڈر بیٹر آغا سلمان کے ساتھ مل کر سکور کو تیزی سے آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 100 گیندوں پر 117 رنز کی زبردست پارٹنر شپ بنی۔ اس پارٹنر شپ کا اختتام میٹ ہینری نے کیا جنہوں نے آغا سلمان کو 58 سکور پر پویلین بھیج دیا، افتخار احمد نے کپتان کے ساتھ مل کر جارحانہ باری کھیلی، مڈل آرڈر بیٹر 22 گیندوں پر 28 سکور بنا کر چلتے بنے۔

اس دوران قومی ٹیم کےکپتان بابر اعظم نے اپنے کیریئر 18 ویں سنچری مکمل کی، کپتان نے 117 گیندوں پر 107 رنز کی باری کھیلی، وہ لسٹر کی گیند پر میک کونچی کو کیچ دے بیٹھے۔ آخری اوورز میں میچ دلچسپ ہوا ، قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 7 گیندوں پر 23 سکور کی باری کھیلی، آخری دو اوورز میں گرین شرٹس نے 38 رنز بنائے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے، میٹ ہینری نے تین، بین لسٹر، ایش سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستانی سکواڈ
سیریز کے چوتھے میں پاکستان کی ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئیں، امام الحق، شاداب خان، عبد اللہ شفیق ، محمد نواز ، نسیم شاہ کی جگہ شان مسعود، افتخار احمد، محمد حارث، اُسامہ میر، حارث رؤف کو شامل کیا گیا۔ فخر زمان، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، آغا سلمان، افتخار احمد، محمد حارث، اُسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم، حارث رؤف

نیوزی لینڈ سکواڈ
ول ینگ، ٹام بلنڈل، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، مارک چیمپن، جیمی نیشم، کول میکونچی، ایش سوڈھی، میٹ ہینری، بین لسٹر، بلیئر ٹکنر

Leave a reply