سی آئی اے نے 20 ملزم گرفتار کر لیے، ملزم ہائی پروفائل کیسز میں ملوث نکلے
ایس پی سی آئی اے لاہور عاصم افتخار نے سی آئی اے اقبال ٹاؤن میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی سی آئی اے نے میڈیا کو بتایا کہ اندھے قتل، ڈکیتی اور نقب زنی کی واردتوں میں ملوث 20ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان سے اڑھائی کروڑ کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا ہے۔ اکبری منڈی کے تاجر اور علی گڈز ٹرانسپورٹ کے مالک نذیر احمد کے اندھے قتل میں ملوث3 اجرتی قاتل گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ گرفتارپیشہ ور شوٹرز میں ملزم سلمان عرف بٹ، حامد اور مہروز شامل ہیں۔ سبزہ زار کے علاقہ میں ڈاکٹر کے گھر والوں کو یرغمال بنا کر ڈکیتی و رابری کی واردات کرنے والے2 ملزمان بھی گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ گرفتارملزمان اقبال اور طاہر سے 32لاکھ روپے نقدی،طلائی زیورات،گاڑی اور موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔ سپریم کورٹ کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ خان کے گھر میں نقب زنی کی واردات کرنے والے 3ملزمان شاہنواز، تیمور اور اسلام کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان اپنی ساتھی صوبیہ بی بی کے ذریعے گھر میں داخل ہو کر لاکھوں روپے مالیت کی قیمتی اشیاء لے کر فرار ہو گئے تھے۔ 4گینگز کے 12ملزمان بھی سی آئی اے اقبال ٹاؤن نے گرفتار کیے، گرفتار ملزمان سے تقریباًاڑھائی کروڑ روپے مالیت کی 12کاریں، طلائی زیورت اور دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز اسلحہ برآمد کیے گئے ہیں۔