سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے ٹرائلز کا شیڈول جاری

باغی ٹی و ی: سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے ٹرائلز کا شیڈول کا اعلان جاری ہوگیا

لاہور، 17 مارچ 2021ء:

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بلوچستان اور سندھ کی سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے ٹرائلز کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔

20 مارچ سے شروع ہونے والے ان ٹرائلز کی نگرانی دونوں کرکٹ ایسوسی ایشنز کے کوچز اور جونیئر کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے اراکین کریں گے۔

ٹرائلز کے خواہشمند کرکٹرز کے لیے صبح 8 بجے سفید کٹ زیب تن کرکے اپنے مقررہ مقام پر پہنچنا لازمی ہوگا۔ہر وینیو پر ٹرائلز صبح 9 سے شام 6 بجے تک جاری رہیں گے۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہونے کے سبب بقیہ چاروں کرکٹ ایسوسی ایشنز کی سینئر اور انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے ٹرائلز کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

جو کھلاڑی خود کو ٹرائلز کے لیے رجسٹر کرواچکے ہیں انہیں ٹرائلز میں شرکت کے لیے اپنےرجسٹریشن فارم کے پرنٹ ہمراہ لانے ہوں گے۔ سینئر ٹیموں کے ٹرائلز میں شریک کرکٹرز کے لیے اپنا شناختی کارڈ اور انڈر 19 ٹیموں کے ٹرائلز میں شریک کھلاڑیوں کے لیے اپنا "ب فارم” لانا لازمی ہوگا۔

جن کھلاڑیوں نے اب تک رجسٹریشن نہیں کروائی ، وہ وینیو پرپہنچ کر خودکورجسٹر کرواسکتے ہیں۔

اس دوران کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر عمل کیا جائے گا۔ جس میں داخلی راستوں پر بخار چیک کرنا، گراؤنڈ کے باہر موجود کھلاڑیوں کا اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا اور سماجی فاصلے سے متعلق ہدایات پر عمل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔بیٹ کے علاوہ کھیل کے سامان کے تبادلے یا گیند پر تھوک لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔حکومتی ایس اوپیز کے مطابق بیک وقت کسی بھی مقام پر زیادہ سے زیادہ 300 کھلاڑیوں کو ٹرائلز میں شرکت کی اجازت ہوگی۔ برائے کرم ! کوویڈ 19 کی ممکنہ علامات کی صورت میں ٹرائلز دینے نہ آئیں۔

Comments are closed.