وفاقی حکومت نے سول ملازمین کے لئے کم از کم تنخواہ 32000 مقرر کر دی
وفاقی حکومت کے سول ملازمین کے لیے کم از کم تنخواہ 32 ہزار روپے ماہانہ مقرر کر دی گئی۔ وزارت خزانہ نے سول ملازمین کے لیے خصوصی الاؤنس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ کم از کم ماہانہ اجرت کا اطلاق یکم جولائی 2023ء سے ہو گا، وفاقی سول ملازمین کو کم از کم اجرت یا گراس سیلری 32 ہزار ملے گی۔ وزارت دفاع کے سول یا کنٹریکٹ ملازمین کے لیے بھی کم از کم تنخواہ 32 ہزار مقرر کی گئی ہے۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اس کا وفاقی حکومت کے بیرون ملک تعینات سول ملازمین پر اطلاق نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ نئے بجٹ میں کم از کم ماہانہ اجرت 32 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی۔