اننت ناگ میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جھڑپ،سرچ آپریشن شروع
سرینگر:اننت ناگ میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جھڑپ،سرچ آپریشن شروع،اطلاعات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سکیورٹی فورسز کو اننت ناگ کے پوش کیری علاقہ میں دو سے تین عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد آرمی، ایس او جی اور سی آر پی ایف نے علاقہ کو محاصرہ میں لے لیا۔جس کے بعد اتوار کو علی الصبح2بجے کے قریب مقبوضہ جموں و کشمیر کے جنوبی ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان مسلح تصادم شروع ہو گیا۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق سکیورٹی فورسز کو اننت ناگ کے پوش کیری علاقہ میں دو سے تین عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد آرمی، ایس او جی اور سی آر پی ایف نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔
محاصرے میں پھنسے عسکریت پسندوں نے سکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے بعد مسلح تصادم شروع ہو گیا۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق اننت ناگ میں موبائل انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی ۔مکینوں کا کہنا ہے کہ مختصر فائرنگ کے بعد علاقے میں خاموشی چھا گئی۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مجاہدین علاقے سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔جس کے بعد آرمی، ایس او جی اور سی آر پی ایف نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔اس سے قبل کل مقبوضہ کشمیر میں جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے علاقے وان پورہ میں سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان آپریشن کے دوران ایک جھڑپ میں دو مجاہدین شہید ہو گئے ۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق یہ جھڑپ صبح7:10پر شروع ہوئی۔وانپورہ کھڈونی کولگام میں گزشتہ روز سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ سے قبل سکیورٹی فورسز نے یہاں چھپے ہوئے عسکریت پسندوں کو خودسپردگی کرنے کی پیش کش کی تھی اور کئی مرتبہ انہیں آگاہ کیا کہ وہ ہتھیار چھوڑ کر باہر آجائیں اور خود سپردگی کر دیں۔اس سلسلہ میں ایک ویڈیو بھی موصول ہوا ہے جس میں سیکورٹی فورسز اہلکار عسکریت پسندوں کو خود سپردگی کرنے کو کہہ رہے ہیں۔ تاہم عسکریت پسندوں نے پیشکش ٹھکرا دی اور اس کے بعد تصادم شروع ہوگیا۔
ویڈیو میں پولیس اہلکار یہ کہتے ہوئے سنے جاسکتے ہیں کہ ‘اندر کوئی ہے، اگر ہے تو باہر آجاو، آپ کو 5 منٹ دیئے جاتے ہیں، 5 منٹ کے اندر اندر باہر آجاو، اگر باہر آئے، تو کپڑے نکال کر آنا، ہتھیار نیچے رکھ کر باہر آنا، آپ کو موقع دیا جا رہا ہے کہ آپ سرینڈر کرو۔’کولگام میں جھڑپ کے مقام کے قریب ہنگامے پھوٹ پڑے ۔ جہاں سرکاری فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے دوران زخمی ہونے والے دو مظاہرین رئیس احمد ولد محمد اشرف اور یاسر حمید ولد عبد الحمید کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ضلع اننت ناگ میں 2000سے اب تک112مختلف واقعات میں 209افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔جبکہ1040واقعات میں 1443افراد شہید کئے گئے جن میں582شہری شامل ہیں۔ضلع اننت ناگ میں اسی عرصے میں 240سیکورٹی فورسز کے اہلکار بھی مارے گئے۔اننت ناگ میں4خود کش حملوں میں 8سیکورٹی اہلکار ہلاک اور 13زخمی ہوئے۔جبکہ 8عسکریت پسند شہید ہوئے۔