وزیر اعلیٰ پنجاب کا لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ

باغی ٹی وی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کا فضائی دورہ کیا اور لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ نے فضائی دورے کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند مارکیٹوں اور کمرشل سینٹرز کا بھی مشاہدہ کیا، عثمان بزدار نے حکومتی اداروں کی جانب سے کئے جانے والے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس، پاک فوج اور رینجرز کو خراج تحسین پیش کیا، فضائی دورے میں عثمان بزدار نے مشاہدہ کیا کہ لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں کی سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر اور مارکٹیں سنسان تھیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے شہریوں کو کورونا سے بچانا ان کا مشن ہے، کورونا وائرس کی وباء کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیوں پر عملدرآمد کرنے پر ٹرانسپورٹر اور تاجر برادری کا شکریہ بھی ادا کیا.

واضح رہے کہ پنجاب کے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 928 ہوگئی، پنجاب میں کورونا کے11مریض جاں بحق،6صحت یاب ہو چکے ہیں

لاہور میں 5مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد لاہور میں مریضوں کی مجموعی تعداد 204 ہوگئی،ڈی جی خان 213، لاہور 204 اور رائیونڈ میں 142 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں، ملتان اور گجرات91،91،راولپنڈی 53اورجہلم میں 28 افراد ،گوجرانوالہ ،منڈی بہاوَالدین 14 ،14 اورننکانہ صاحب میں 13مریض،سرگودھا10،فیصل آباد9،وہاڑی 8اورحافظ آباد5میں افراد ،بہاولنگر،رحیم یارخان اور میانوالی میں کورونا کے3،3مریض ،لودھراں،ملتان،نارووال میں کورونا وائرس کے 2، 2 کیسز،خوشاب،قصور،بہاولپور اور لیہ میں کورونا وائرس کا ایک ،ایک کیس رپورٹ ہوا ہے.

Shares: