وزیر اعلیٰ پنجاب کی یوم عاشور پر بہترین سکیورٹی پر انتظامیہ کو شاباش
وزیر اعلیٰ پنجاب کی یوم عاشور پر بہتر سکیورٹی اور انتظامات پر انتظامیہ کو شاباش
باغی ٹی وی : وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے یوم عاشور پر بہتر سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا لاہور سمیت صوبہ بھر میں امن عامہ کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب پولیس کے افسر اور اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں، متعلقہ اداروں نے مربوط انداز میں کام کرتے ہوئے پر امن فضا کو یقینی بنایا، محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور پر پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں رہی، کابینہ کمیٹی کے تمام اراکین نے دن رات محنت کر کے امن و عامہ کے قیام کا قومی فریضہ بطریق احسن سرانجام دیا، صوبائی اداروں اور محکموں کے ساتھ متعلقہ ایجنسیوں کی کوآرڈینیشن بہترین رہی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا محکموں اور اداروں نے جس طرح ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا وہ قابل تحسین ہے، امن کمیٹیوں کے عہدیداران اور منتخب نمائندوں نے اتحاد و اتفاق کی فضا برقرار رکھنے کیلئے موثر کردار ادا کیا، علماء کرام اور دیگر طبقات نے عاشورہ محرم کے دوران بھائی چارے اور یکجہتی کی فضا برقرار رکھنے کے لئے مثالی کردار ادا کیا، آئندہ بھی عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔