وزیراعلیٰ پنجاب نے علماء کرام سے بڑا مطالبہ کر دیا
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں اتحاد و یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی، ملاقات میں کوئٹہ خودکش حملے کی شدید مذمت، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی.
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں خودکش حملہ ہر لحاظ سے قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ بے گناہ اور معصوم نمازیوں پر حملہ کرنے والے ہرگز مسلمان نہیں ہو سکتے۔ مساجد میں حملے کرنے والے مسلمانوں کے دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ ہر انسان کی جان کی قدر و منزلت ہے، قتل گھناؤنا اور ناقابل معافی اقدام ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مزید کہا کہ علمائے کرام ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ پاکستان کی یکجہتی،سلامتی اور استحکام میں علمائے کرام کا کردار ملکی تاریخ کا روشن باب ہے۔علمائے کرام اور مشائخ عظام فرقہ وارانہ عصبیت سے پاک اسلامی بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کیلئے بھرپور کاوشیں کریں۔








