وزیراعلیٰ سے اوپی سی پنجاب کے وائس چیئرمین کی ملاقات،اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر تبادلہ خیال

0
42

وزیراعلیٰ سے اوپی سی پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم اختر کی ملاقات،اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل پر تبادلہ خیال

باغی ٹی وی :وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین وسیم اختر رامے نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والی ملاقات میں کورونا وباء کے تناظر میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وطن واپس آنے والے مسافروں کو دوران قرنطینہ فراہم کی جانے والی سہولتوں پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مسافروں کو ٹیک اوے کھانا منگوانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ مسافر دوران قیام آرڈر پر کھانا منگوا سکیں گے۔

ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں غیر معیاری اور مہنگے داموں کھانے کی شکایت پر بلاامتیاز کارروائی ہوگی۔ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو ہوٹلوں اور قرنطینہ مراکز میں مقیم مسافروں تک رسائی دی جائے گی اور اس ضمن میں ضروری امور جلد طے کئے جائیں گے۔ او پی سی پنجاب کے حکام مسافروں سے رابطہ کرکے ان کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ وباء کے باعث بیرون ملک مقیم کئی پاکستانی اپنی روزی سے بھی محروم ہوئے ہیں۔ ورک پرمٹ پر بیرون ملک روزی کمانے والے پاکستانیوں کو ریلیف دینے کا جائزہ لیں گے اوراس ضمن میں متعلقہ محکموں اور اداروں کو ریلیف پیکج کی تیاری کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔

Leave a reply