وزیر اعلی پنجاب کا خانکی ہیڈ ورکس کا دورہ،دیگرہیڈورکس کا بھی دورہ کروں گا، بزدار

0
49

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلی عثمان بزدار خانکی ہیڈ ورکس پہنچ گئے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خانکی ہیڈ ورکس کا معائنہ کیا

وزیر اعلی عثمان بزدار نے خانکی ہیڈ ورکس کے مختلف حصے دیکھے، وزیر اعلی عثمان بزدار نے خانکی ہیڈ ورکس پر ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے کئے گئے انتظامات کا معائنہ کیا ،وزیراعلیٰ نے خانکی ہیڈورکس پر پانی کی آمد اور اخراج کی صورتحال کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ کو خانکی ہیڈ ورکس اور پنجاب کے دیگر دریاؤں میں پانی کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا ،

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکموں اور اداروں کو سیلاب کے خدشے کے پیش نظر الرٹ کر دیا گیا ہے – جہلم، چناب اور سندھ کے دریاؤں میں پانی کی 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے انتظامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں – پنجاب کے دیگرہیڈورکس کا بھی دورہ کروں گا-

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ خانکی ہیڈ ورکس 1892ء میں تعمیر کیا گیا،ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے دریائے چناب پر نیا خانکی بیراج تعمیرکیا گیا ہے – خانکی بیراج کی اپ گریڈیشن کے منصوبے پر 21 ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئی ہے – نیا خانکی بیراج تعمیر ہونے سے لوئر چناب کینال میں 12 ماہ 11500 کیوسک تک پانی کا بہاؤیقینی بنایا جا سکے گا-4680 کلومیٹر طویل نہری نظام کے 2925 چینلزکو بلا تعطل پانی مہیا ہو سکے گا-

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کے 8 اضلاع گوجرانوالہ، حافظ آباد، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، جھنگ، چنیوٹ ،فیصل آباداور ٹوبہ ٹیک سنگھ کی 3.301 ملین ایکڑاراضی کو سیراب کیا جا سکے گا-خانکی بیراج کی اپ گریڈیشن سے 6 لاکھ سے زائد کاشتکارفیملیز کو فائدہ پہنچے گا-اپ گریڈیشن کے بعد بیراج سے 8 لاکھ کیوسک پانی گزرنے کی گنجائش بڑھ کر 11 لاکھ کیوسک ہو گئی ہے – خانکی بیراج کی اپ گریڈیشن زرعی خوشحالی اور سرسبزپنجاب کی بنیاد ثابت ہو گا-

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا مزید کہنا تھا کہ زراعت کی ترقی و خوشحالی ہماری ترجیح ہے -سیلاب سے بچاؤ کے حوالے سے اپ گریڈیشن اہم سنگ میل ثابت ہو گی –

وزیر اعلی عثمان بزدار کو خانکی بیراج کے کنٹرول روم میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر کئے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی،سیکرٹری آبپاشی نے وزیراعلیٰ کوخانکی ہیڈ ورکس پر پانی کی آمد و اخراج کے بارے میں بریف کیا

وزیراعلیٰ پنجاب کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیر آباد سے خانکی بیراج تک27 کلومیٹر طویل سڑک بھی تعمیر کی گئی ہے -خانکی بیراج کے قریب بنیادی مرکز صحت اورعوام کی تفریح کے لئے پارک بھی بنایا گیا ہے – ووکیشنل ٹریننگ سنٹر بھی قائم کیا گیا ہے –

Leave a reply