سرگودھا ڈویژن میں آج سے بارشوں کا امکان،کمشنر کی پی ڈی ایم اے کو الرٹ رہنے کی ہدایت
سرگودھا۔24جولائی(اے پی پی)کمشنر سرگودہا ڈویژن ظفر اقبال شیخ نے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے پیش ِنظر چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور پی ڈی ایم اے کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 25 سے 27 جولائی تک متوقع شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اپنی تمام تر تیاریاں مکمل رکھیں اور تمام ادارے آپس میں قریبی روابط کو فروغ دیں۔ بلدیاتی ادارے اور ریسکیو 1122 اپنے پاس موجود پانی کے اخراج کے آلات‘ مشینیں‘ سیلابی علاقوں سے متاثرہ افراد کو نکالنے کے انتظامات اور کسی بھی نا گہانی حالت سے نبردآزما ہونے کیلئے انتظامات مکمل رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ بارشوں کی شدت کی صورت میں سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں سے گزرنے والے دریاؤں میں طغیانی کے خطرات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جبکہ گرمی کی شدت بڑھنے کی صورت میں پہاڑوں پر برف پگھلنے سے بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو نشیبی علاقوں میں بسنے والے افراد کو سیلاب کی صورتحال سے بروقت آگاہ کرنے کیلئے تمام مواصلاتی ذرائع تیار رکھنے اور محکمہ ریونیو کے افسران واہلکاروں کی خدمات حاصل کرنے پر بھی زور دیا۔
Shares: