رحیم یارخان( )ٹرین حادثہ کمشنر بہاولپورنیئر اقبال نے کہا ہے کہ صادق آباد ٹرین حادثہ کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ا س سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ،محکمہ صحت اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے ٹرین حادثے سے پیدا شدہ صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان کی سربراہی میں ریسکیو اپریشن کے لئے تمام تر متعلقہ ادارے جائے حادثہ پر موجود ہیں۔کمشنر بہاولپور نیئر اقبال نے آج یہا ں صادق آبا دٹرین حادثہ کے ریسکیو اپریشن اور حادثے میں زخمی ہونے والے مریضوں کو فراہم کر دہ طبی سہولیات کے جائزہ کے لئے جائے حادثہ، تحصیل ہسپتال صادق آباد اور شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیا۔تفصیلات کے مطابق کمشنر نیئر اقبال نے آر پی او بہاولپور عمران محمود کے ہمراہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ کا معائنہ کیااور مختلف محکموں کی جانب سے ریسکیو اینڈ ریلیف اپریشن کی نگرانی کی اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جمیل احمد جمیل اور ڈی پی او عمر سلامت نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ولہار اسٹیشن پر کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس لوپ لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکراگئی تھی جس کے نتیجہ میں 17افراد جانبحق اور84سے زائد زخمی ہوگئے تھے انہوں نے ڈویژنل افسران کو ٹرین حادثہ کی ابتدائی رپورٹ اور ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی تمام امدادی ادارے بروقت موقع پر پہنچے اور ریسکیو اینڈ ریلیف اپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ ٹرین کے مسافروں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کر دہ ائیر کنڈیشنڈ کوچز سے منزل مقصو د تک پہنچایا جا رہا ہے جبکہ افسوسناک حادثہ میں جانبحق ہونے والے مسافروں کی میتیں بھی ضلعی انتظامیہ اپنے وسائل سے آبائی علاقوں کو پہنچائے گی۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ مسافر ٹرین سمیت ضلع ہذا کی حدود میں کھڑی تمام ٹرینوں کے مسافروں کو انتظامیہ کی جانب سے کھانا اور پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں اور ان کے ورثاء کو بھی کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں کنٹرول روم قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پر حادثہ بارے معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔بعد ازاں کمشنر نیئر اقبال نے تحصیل ہسپتال صادق آباد اور شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کیں۔انہوں نے زخمیوں کی عیادت کی اور اس موقع پر زخمیوں کے ورثاء سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر مشکل کی اس گھڑی میں ڈویژنل انتظامیہ، ضلعی انتظامیہ مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور مریضوں کی مکمل صحت یابی تک تمام ہسپتالوں میں طبی عملہ الرٹ رہے گا۔اس موقع پر آر پی او بہاولپور عمران محمود نے کہا کہ ہر زخمی کے ساتھ ایک کانسٹیبل بطور خدمت گزار فریضہ سر انجام دے گا۔انہوں نے جائے حادثہ کے ریلیف اور ریسکیو اپریشن کے لئے بروئے کار لائے گئے سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور ڈی پی او کو ہدایت دی کہ ریلیف اپریشن مکمل ہونے تک سیکورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔انہوں نے پولیس جوانوں کی جانب سے ٹرین حادثہ کے زخمیوں کو خون عطیہ کرنے کے عمل کو خوب سراہا۔