کمشنر سرگودہا نے میانوالی کیلیے بڑے پیکج کی منظوری دے دی

0
69

سرگودہا،میانوالی (نمائندہ باغی ٹی وی )کمشنر سرگودہا نے میانوالی ضلع کے 155کلومیٹر لمبی 23سڑکوں کے تعمیر ومرمت کی منظوری دے دی۔سڑکوں کی تعمیر ومرمت کاتخمینہ پونے تین ارب روپے سے زائدہے ۔13سڑکیں تحصیل میانوالی ‘ 10 تحصیل عیسیٰ خیل میں مرمت کی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ضلع میانوالی میں 155کلو میٹر لمبی 23سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی منظوری دے دی ہے ان سکیموں کا تخمینہ 02ارب 85کروڑروپے لگایاگیاہے ۔ ورکنگ پارٹی کااجلاس کمشنر سرگودہا ظفر اقبال شیخ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ای ہائی وے اور ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری قدیر کے علاوہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سمیت تعمیراتی محکموں کے افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ نیا پاکستان منزلیں آسان پر وگرام کے تحت تحصیل میانوالی میں 84کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر ومرمت کاتخمینہ ایک ارب 52کروڑ روپے لگایاگیاہے جبکہ تحصیل عیسیٰ خیل میں تقریبا 71کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر ومرمت کاتخمینہ ایک ارب 34کروڑروپے لگایا گیا ہے ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ ان سکیموں کی تمام کاغذی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے ۔ ورکنگ پارٹی کے ممبران کی طرف سے کلروالے ملا خیل روڈ براستہ جتن والا پانچ کلو میٹر سڑک کی تعمیر پر بعض تکنیکی اعتراض اٹھائے گئے جس پر سکیم کی منظوری کو تمام اعتراض دور کرنے تک ملتوی کر دیاگیا ۔ اجلاس میں ضلع میانوالی میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سیوریج ‘ سینیٹیشن اور واٹر سپلائی کی دوسکیمیں بھی منظوری کے لئے پیش کی گئی جو ممبران کے اعتراض او رکاغذی کارروائی مکمل نہ ہونے کے باعث اگلے اجلاس تک ملتوی کر دی گئی ۔ اجلاس کو بتایاگیاکہ ضلع میانوالی کے داؤد خیل میں اربن سیوریج او رسینی ٹیشن کی 19کروڑ جبکہ رورل واٹر سپلائی بنی افغان کی 17کروڑ 43لاکھ روپے کی سکیمیں تجویز کی گئی ہیں ۔ کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام سکیموں میں استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور عوام کے مفاد کی سکیمیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کی جائیں ۔ انہوں نے ان سکیموں کے تعمیراتی کام کی سخت مانیٹرنگ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

Leave a reply