شیخوپورہ (نمائندہ باغی ٹی وی ) کرک واقعہ کی بناء پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ چوہدری محمد اصغر جوئیہ کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں ضلع شیخوپورہ میں تمام اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں ڈی پی او شیخوپورہ غلام مبشر میکن اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے مسلم اور اقلیتی ممبران نے شرکت کی اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع شیخوپورہ میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور حالیہ کرسمس کی تقریبات کے دوران تمام مذاہب نے رواداری اور بھائی چارے کا مظاہرہ کیا ہے

شیخوپورہ میں بسنے والی ہندو برادری کو مکمل مذہبی آزادیاں حاصل ہیں اور اس برادری کے متعدد افراد محکمہ تعلیم عدلیہ واپڈا اور ایکسائیز اور دیگر محکموں میں اہم پوسٹوں میں کام کر رہے ہیں اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ بلا تاخیر تمام اقلیتوں کی عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات کی فہرستیں تیار کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کی جائیں اور ایسے مقامات کو ہائی لائٹ کیا جائے جہاں پر مذہبی رسومات اور عبادات نہیں ہو رہی انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اس حوالہ سے متازع املاک کی بھی سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں رپورٹس بنائی جائیں اور اس بارے میں ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اراکین کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جائے

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام مسلم اور غیر مسلم مذہبی مقامات کی ایسی عمارتوں کے بارے میں بھی فوری طور پر رپورٹ تیار کی جائے جہاں پر فوری طور پر تعمیر و مرمت کے کام کرانے اور صاف پانی کی فراہمی کے لیے فلٹریشن پلانٹ لگانے کی ضرورت ہے ڈی پی او شیخوپورہ غلام مبشر میکن نے بتایا کہ ضلع شیخوپورہ میں تمام مذاہب کے شہریوں کے درمیان مذہبی رواداری بہت زیادہ پائی جاتی ہے اور تمام شہری ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہیں

Shares: