کراچی۔پی آئی اے ایئر بس طیارہ حادثے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کل سے شروع.اطلاعات کے مطابق چند ماہ قبل کراچی میں ہونے والے پی آئی اے ایر بس طیارہ حادثے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کل سے شروع ہوگی، اس حوالے سے سارے انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں
باغی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے تمام قانونی دستاویزات مکمل کرنے والے متاثرین اور لواحقین کو معاوضے کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔ زرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں پانچ متاثرین کو ایک ایک کروڑ روپے معاوضہ ملے گا
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ حادثے میں زندہ بچ جانے والے دو مسافروں محمد زبیر اور ظفر مسعود کو فی کس ایک کروڑ روپے کی ادائیگی ہو گی۔ زندہ بچ جانے والے مسافر محمد زبیر کے علاج کے اخراجات بھی پی آئی اے نے ادا کئے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق تین مسافروں کے لواحقین کو بھی ایک ایک کروڑ روپے معاوضہ کی ادائیگی ہو گی۔ طیارہ گرنے سے زمین پر متاثر 22 خاندانوں کو بھی 2 کروڑ 80 لاکھ روپے معاوضہ ملے گا۔ یہ بھی بتایا گیا ہےکہ یہ معاوضہ 14 گاڑیوں اور گھر کا سامان جلنے یا ضائع ہونے کی مد میں دیا جا رہا ہے۔
پی آئی اے حکام کے مطابق 22خاندانوں کے گھروں کو پہنچنے والے نقصان کی ادائیگی بعد میں کی جائے گی۔ پی آئی اے نے زمین پر متاثرہ 22 خاندانوں کو چھ ماہ کا کرایہ بھی دیا ہے۔ پی آئی اے طیارہ حادثہ میں جاں بحق تمام 97 مسافروں کے لواحقین کو فی کس دس دس لاکھ روپے پہلے ہی ادا کر چکی ہے۔
ذرائع کے مطاب ق پی آئی اے طیارہ گرنے سے زمین پر جانبحق ایک خاتون کو دس لاکھ اور تین زخمیوں کو پانچ پانچ لاکھ روپے ادا کر چکی ہے۔ طیارہ حادثے کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی پی آئی اے اور انشورنس کمپنی کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد شروع کی گئی ہے۔اس سال 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا ایر بس A320 طیارہ کراچی ایرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس طیارہ حادثے میں 97 مسافر اور زمین پر ایک خاتون جاں بحق ہوئی تھی۔